میری بیٹنگ میںتکنیکی خامی نہیں:دھون

سڈنی ۔ 9 ۔ فروری (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے اوپنر شکھر دھون نے اس اطمینان کا اظہار کیا ہے کہ ورلڈکپ سے قبل آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے وارم اپ مقابلہ میں 71 گیندوں میں 59 رنز کی اننگز میں ان کے اعتماد کو بحال کیا ہے حالانکہ اس مقابلہ میں ہندوستان کو 106 رنز کی ناکامی برداشت کرنی پڑی ہے ۔ آسٹریلیا جس نے 48.2 اوورس میں 371 رنز اسکور کئے تھے جبکہ جوابی اننگز میں ہندوستان نے 45.1 اوورس میں 265 رنز اسکور کئے تھے۔ دھون نے اس مظاہرہ کے بعد اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وارم اپ مقابلہ میں ، میں گیند کو جہاں مارنا چاہتا تھا ، گیند وہیں جارہی تھی۔ دھون نے کہا کہ وہ نہیں سمجھتے کہ ان کی بیٹنگ میں کوئی تکنیکی خامی ہے اور وہ رنز بنانے کیلئے بے چین ہیں۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلے گئے وارم اپ مقابلہ کے ماسوا دورہ آسٹریلیا میں ان کا مظاہرہ انتہائی مایوس کن رہا ہے۔ 29 سالہ دھون جو مسلسل ناکام ہونے کی وجہ سے ان کا اعتماد بھی پست ہوچکا تھا جس کی وجہ سے ان کی صلاحیتوں پر بھی سوال اٹھایا جارہا تھا ۔ دھون نے کہا کہ وہ ایک عرصہ سے بہتر اننگز کیلئے صبر کر رہے تھے اور ورلڈکپ سے عین قبل نصف سنچری اسکور کرنا ان کیلئے کافی حوصلہ افزا ہے۔ دھون نے گزشتہ روز سڈنی میں کھیلے گئے وارم اپ مقابلہ میں حالانکہ ان کے مزاج کے برعکس سست نصف سنچری اسکور کی ہے لیکن اس اننگز کے دوران 4 چوکوں کے ساتھ جو اسٹروکس انہوں نے کھیلے، ان سے بائیں ہاتھ کے اوپنر مطمئن ہیں۔ دھون کے بموجب وہ اپنے اسٹروکس اور مظاہرہ سے مطمئن ہیں اور امید ہے کہ ورلڈکپ میں وہ بہتر مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کی کامیابی میں اہم رول ادا کریں گے۔ دھون نے کہا کہ تکنیکی خامی نہیں بلکہ وہ فارم کی تلاش میں ہیں۔