حیدرآباد ۔ /3 مئی (سیاست نیوز) میرپیٹ کے علاقے بڑنگ پیٹ میں پیش آئے ایک واقعہ میں بیوی نے اپنے شوہر کا قتل کردیا ۔ پولیس کے بموجب 32 سالہ سنیتا ساکن اپو گوڑہ کاواڑی گوڑہ میں واقع چلڈرن ہوم میں آفس اسسٹنٹ کی حیثیت سے ملازم ہے ۔ سنیتا کی شادی 12 سال قبل سریش سے ہوئی تھی اور انہیں دو بچے بھی ہیں ۔ لیکن گزشتہ 4 سال سے دونوں کے درمیان مبینہ طور پر اختلافات پیدا ہوگئے تھے جس کے سبب علحدگی کیلئے عدالت سے رجوع ہوئے تھے اور کیس زیرالتواء ہے ۔ سنیتا نے آج صبح دھنراج اور لڈو نامی افراد کے ساتھ اپنے شوہر سریش کے مکان واقع اے جی آر کالونی بڑنگ پیٹ پہونچی اور سریش پر سینیٹرنگ کیلئے استعمال کی جانے والی لکڑیوں سے مبینہ طور پر اچانک حملہ کردیا ۔ اس حملہ میں سریش شدید زخمی ہوگیا اور اسے دھنراج اور لڈو کی مدد سے کنچن باغ میں واقع ایک دواخانہ منتقل کیا لیکن اس کی موت کی تصدیق ہونے کے بعد نعش کو گھر میں پھینک کر سنیتا اپنے ساتھیوں کے ہمراہ فرار ہوگئی ۔ بعد ازاں سنیتا نے سریش کے بھائی سرینواس کو بذریعہ فون یہ اطلاع دی کہ اس کا بھائی حادثہ کا شکار ہوگیا ہے اور شدید زخمی حالت میں گھر میں موجود ہے ۔ سرینواس اپنے بھائی کے مکان پہونچنے پر اسے مردہ پایا اور میرپیٹ پولیس کو اس بات کی اطلاع دی ۔ انسپکٹر میر پیٹ مسٹر جی بھکشم ریڈی نے بتایا کہ شبہ کی بنیاد پر سنیتا اور اس کے دو ساتھیوں کو حراست میں لے لیا ہے اور ان کے خلاف قتل کا مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے ۔