میدک۔ 16 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)میدک ٹاؤن کو ریلوے لائن سے مربوط کرنے کیلئے عنقریب کاموں کا آغاز ہوگا۔ 120 کروڑ روپئے کی لاگت سے تنصیب شدنی یہ ریلوے لائن براڈ گیج ہوگی۔ میدک سے اکناپیٹ ریلوے اسٹیشن کو جوڑ دیا جائے گا جس کیلئے 19 جنوری کو سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے۔ ایم پی حلقہ پارلیمان میدک محترمہ ایم وجئے شانتی نے ذریعہ فون نمائندہ سیاست میدک مسٹر محمد فاروق حسین سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بات بتائی۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی وزیر ریلوے مسٹر ملکارجن کھرگے کے ہاتھوں سنگ بنیاد رکھا جائے گا۔ یہ لائن 17.5 کیلومیٹر پر مشتمل ہوگی۔ ٹاؤن میں تعمیر شدنی ریلوے اسٹیشن کا پلیٹ فارم 530 میٹرس طویل ہوگا۔ ساؤتھ سنٹرل ریلوے عہدیداروں کی ایک ٹیم میدک پہنچ کر سنگ بنیاد کی تقریب کو کامیاب بنانے کیلئے میدک میں قیام کئے ہوئے ہیں۔ سردست بوائز جونیر کالج گراؤنڈ پر سنگ بنیاد رکھا جارہا ہے
جس کی تیاری زور و شور سے جاری ہے۔ ایگزیکٹیو انجینئرس ساؤتھ سنٹرل ریلوے کنسٹرکشنس مسرز رویندر ناتھ، ڈی ایس برگونی کی نگرانی میں یہ کام جاری ہے۔ بوائز جونیر کالج گراؤنڈ پر سنگ بنیاد کے بعد ایک جلسہ عام منعقد ہوگا جس کو مرکزی وزیر ریلوے ملکارجن کھرگے، ایم پی میدک وجئے شانتی مخاطب کریں گی۔ اس خصوص میں ساؤتھ سنٹرل ریلوے چیف انجینئر مسٹر اکشئے کمار جھا، چیف انجینئر الیکٹریکلس مسٹر ایس ایس سوئن، ڈپٹی چیف انجینئر سدھرما دیو رائے نے بھی آج میدک کا دورہ کرتے ہوئے تمام انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریلوے لائن کی تنصیب کے کاموں کے آغاز پر میدک ٹاؤن کے عوام میں جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ 30 سال قبل سابق ایم پی وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی نے وعدہ کیا تھا جس کو موجودہ ایم پی وجئے شانتی نے عملی جامہ پہنایا۔