میدک۔ 29 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن اور منڈل میں گنیش وسرجن پروگرام کا پرامن طور پر انعقاد عمل میں آیا۔ میدک ٹاؤن میں قریب 200 گنیش مورتیوں کی تنصیب عمل میں آئی تھی۔ چیرمین بلدیہ مسٹر ملکارجن گوڑ، وائس چیرمین راگی اشوک، کمشنر بلدیہ مسٹر پرساد راؤ کے ہمراہ تمام بلدی کونسلرس اور اسٹاف بلدیہ نے وسرجن جلوس کا استقبال کیا۔ ڈی ایس پی میدک مسٹر راجہ رتنم کی قیادت میں میدک پولیس کی جانب سے وسیع تر بندوبست کیا گیا تھا۔ میدک پولیس کے علاوہ نارائن کھیڑ، جوگی پیٹ سے بھی پولیس کو طلب کیا گیا تھا۔ ٹاؤن کی تمام مساجد پر احتیاطی اقدامات کے طور پر پولیس دستوں کو متعین کیا گیا تھا۔ شب بھر کے علاوہ 28 ستمبر کو صبح 12 بجے تک وسرجن جاری رہا۔ ڈی جے استعمال کرنے پر ڈی ایس پی میدک نے ساؤنڈ سسٹم ضبط کرلیا۔ تاہم چیرمین بلدیہ ملکارجن گوڑ کی جانب سے مائیک پر اپیل کرنے پر ساؤنڈ سسٹم واپس کردیا گیا۔