میدک میں کلکٹریٹ کامپلکس اور ایس پی دفتر کا سنگ بنیاد

خراب موسم کے باوجود چیف منسٹر کی شرکت، ہریش راؤ کی کامیاب کوشش

میدک۔/9مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاستی وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے ہاتھوں میدک کے نواح میں اورنگ آباد علاقہ میں ضلع مید ک کے انٹیگریٹیڈ کلکٹریٹ کامپلکس اور ضلع ایس پی دفتر کامپلکس کا سنگ بنیاد رکھا گیا۔ سنگ بنیاد تقریب میں وزیر اعلیٰ حیدرآباد سے ذریعہ ہیلی کاپٹر ٹھیک 5:40 کو میدک پہنچے جہاں ضلع کلکٹر میدک کے دھرما ریڈی، ضلع ایس پی میدک کماری چندنا دپتی ، مقامی ایم ایل اے و ریاستی ڈپٹی اسپیکر ایم پدما دیویندر ریڈی، ریاستی وزیر آبپاشی مسٹر ٹی ہریش راؤ نے خیرمقدم کیا۔ان کے ہمراہ ریاستی وزیر داخلہ مسٹر این نرسمہا ریڈی بھی موجود تھے۔ 54 کروڑ کی لاگت سے تعمیر شدنی کلکٹریٹ کامپلکس ، ضلع ایس پی دفتر کے سنگ بنیاد کے بعد وزیر اعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ نے دونوں دفاتر کے کامپلکس کے ڈیزائن کا تفصیلی مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر صدر نشین بلدیہ مسٹر ملکارجن گوڑ کی قیادت میں بلدی کونسلرس نے بھی استقبال کیا۔ اس موقع پر ارکان پارلیمنٹ پربھاکر ریڈی، جی بی پاٹل ارکان اسمبلی ضلع میدک مسرز بھوپال ریڈی، رام لنگا ریڈی، بابو موہن، چنتا پربھاکر، مدن ریڈی، ایم ایل سیز محمد فاروق حسین، راملو نائیک، صدرنشین اسٹیٹ فوڈ کارپوریشن مسٹر الیکشن ریڈی دیوی پرساد، نرسا ریڈی، آر ست نارائن، سبھاش ریڈی، نریندر ناتھ، پی مانک ریڈی، صدرنشین ضلع پریشد راجا منی سریدھر، مرلیدھر یادو، ایم دیویندر ریڈی کے علاوہ آئی گنیش ریڈی انجینئر اِن چیف نیشنل ہائی ویز عمارات و شوارع، راجیو شرما، ایم ایل سی سدھاکر ریڈی، کمشنر بلدیہ مسٹر سمیا، ای ای آر اینڈ بی مسٹر چندریا بھی شریک تھے۔ وزیر اعلیٰ کی آمد پر مولانا جاوید علی حسامی، ایم اے رؤف، سید اسرار نے شال پوشی کی۔ میدک ایس پی،ایس پی ناگرکرنول کی قیادت میں سخت صیانتی انتظامات کئے گئے تھے۔ واضح رہے کہ میدک ٹاؤن جو دوپہر 2 بجے تک شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا۔ اچانک تیز ہواؤں، ہلکی سی بارش کی وجہ موسم خوشگوار ہوگیا۔ عوام کو راحت ملی، محکمہ موسمیات کے مطابق کوڑی پلی میں 3.2سنٹی میٹر، کلچرم منڈل میں 1.2 سنٹی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی۔ اچانک بارش موسم کی تبدیلی کو لیکر عوام میں خدشات پیدا ہوگئے کہ ریاستی وزیر اعلیٰ چندر شیکھر راؤ کا دورہ میدک کہیں منسوخ تو نہیں ہوگا۔ تاہم ریاستی وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ جو وزیر اعلیٰ کے دورہ میدک کو کامیاب بنانے کیلئے گزشتہ تین دنوں سے میدک میں قیام کئے ہوئے ہیں بتایا کہ وزیر اعلیٰ کا دورہ میدک منسوخ نہیں ہوگا تاہم مقررہ اوقات میں کچھ حد تک تبدیلی ہوگی، سی ایم کا جلسہ عام سی ایس آئی گراؤنڈ پر ہوگا۔