میدک۔/2فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جوائنٹ کلکٹر میدک مسٹر اے شرت نے کہاکہ میدک میں منعقدہ وی آر او کے تقررات کیلئے اہلیت ٹسٹ کا پُرامن طور پر انعقاد عمل میں آیا۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کلکٹر شریمتی سمیتا سبھروال کی قیادت میں امتحانات کے کامیاب انعقاد کیلئے زبردست انتظامات کئے گئے تھے۔ ڈیویژن میدک میں 31امتحانی مراکز 10638 امیدواروں میں 9259 امیدوارشریک امتحان رہے۔ 1379 امیدوار غیرحاضر رہے۔ مسٹر شرت نے میدک کے امتحانی مراکز کے معائنہ کے بعد آر اینڈ بی گیسٹ ہاوس میں تمام تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ میدک ٹاؤن میں 23اور نرسا پور میں 8مراکز قائم کئے گئے تھے۔
آر ڈی او میدک و ناجا دیوی نے بتایا کہ میدک میں 7380 امیدواروں میں 6465 امیدواروں نے امتحانات لکھے۔ 915غیر حاضر رہے۔ اسی طرح نرسا پور کے8مراکز میں 3258 امیدواروں کے منجملہ 2794 نے امتحان لکھا۔ 464 غیر حاضر رہے۔ جوائنٹ کلکٹر مسٹر شرت نے بتایا کہ سدی پیٹ کے ماسٹرس ڈگری کالج مرکز پر بہن بھائی نے دھوکہ کیا۔ بہن نے بھائی کا امتحان اور بھائی نے بہن کا امتحان تحریر کرتے ہوئے پکڑے گئے ان کیخلاف پولیس کارروائی کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ امیدواروں کی سہولت کیلئے ٹاؤن کے بس اسٹیشنوں پر امتحانی مراکز سے متعلق روٹ میاپ لگائے گئے تھے۔ امتحانی مراکز کے اطراف دفعہ 144نافذ کیا گیا تھا۔ احتیاطی اقدامات کے طور پر طبی سہولیات کیلئے پیرا میڈیکل ٹیم کو متعین کیا گیاتھا۔ بسوں کی سہولت بھی فراہم کی گئی تھی۔
ہر مرکز پر معقول طور پر فرنیچرکا انتظام کیا گیا تھا۔ تین یوم قبل بھی امیدواروں کو مرکز دیکھنے کا موقع دیا گیا تھا۔ ڈیویژن سطح پر آر ڈی اوز کی خدمات حاصل کی گئیں۔ جوائنٹ کلکٹر نے امتحان کے پرامن انعقاد و بہتر انتظامات پر تمام عہدیداروں، پولیس محکمہ کا شکریہ ادا کیا ونیز انہوں نے پرنٹ میڈیا کا بھی شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر آر ڈی او میدک شریمتی وناجا دیوی، تحصیلدار میدک آر وجئے لکشمی، ڈپٹی تحصیلدار مسٹر یادگیری بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نو منتخب زرعی مارکٹنگ کمیٹی میدک کے صدر نشین مسٹر ٹی چندرپال نے جوائنٹ کلکٹر سے ملاقات کی۔