میدک میں بی جے پی امیدوار سے ٹی آر ایس خوفزدہ

سنگاریڈی ۔ 4 ۔ ستمبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بی جے پی کی جانب سے پی ایس آر گارڈن فنکشن ہال پوتریڈی پلی چوراستہ سنگاریڈی میں پارلیمانی حلقہ میدک کے بی جے پی امیدوار ٹی جئے پرکاش ریڈی ( جگاریڈی ) کا انتخابی جلسہ منعقد ہوا جس میں تلگودیشم اور بی جے پی کے قائدین نے شرکت کی ۔ کشن ریڈی ریاستی صدر بی ج پی نے ٹی آر ایس حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ ریاست تلنگانہ میں عوامی فلاح و بہبود اور ترقیاتی کاموں کی انجام دہی میں ناکام ہوچکی ہے ۔ بی جے پی اور تلگودیشم اتحادی امیدوار جئے پرکاش ریڈی ہیں ۔ بی جے پی کی جانب سے جیسے ہی ان کے نام کا اعلان کیا گیا کے سی آر کی نیند اُڑ چکی ہے جبکہ ٹی آر ایس کے قائدین خوفزدہ ہوتے ہوئے تنقیدیں کررہے ہیں ۔ ٹی آر ایس دور حکومت میں برقی کٹوتی سے عوام ، کسان ، فیکٹریز ورکرز بیزار ہوچکے ہیں ۔ کسانوں کے قرضہ جات معافی کے اعلان کو ابھی تک عملی جامہ نہیں پہنایا گیا ۔ گھر گھر سروے کے نام پر عوام کو خوفزدہ کیا گیا ، حلقہ پارلیمان کے بی جے پی امیدوار جگاریڈی پر ٹی آر ایس مسلسل سیاسی حملے کررہی ہے ۔ طلباء کیلئے فیس ری ایمبرسمنٹ اسکیم کے واضح خدوخال ابھی تک وضع نہیں کئے گئے جس کی وجہ سے طلباء اور اولیائے طلبہ پریشان حال ہیں ۔ وزیراعلی کے سی آر کے آبائی ضلع میں ریل اور اسکولی بس حادثہ میں 18 کمسن بچے فوت ہوجانے پر بھی وزیراعلی نے موقعہ حادثہ کا معائنہ نہیں کیا ۔ ایرا بلی دیاکر راو تلگودیشم اپوزیشن قائد اسمبلی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی جانب سے جئے پرکاش ریڈی پر تنقید کرنا انتہائی غیرواجبی ہے اب جبکہ ریاست تلنگانہ کا قیام عمل میں آچکا ہے ۔ ٹی جئے پرکاش ریڈی امیدوار بی جے پی ترقیاتی کاموں کا ایک بہترین ریکارڈ رکھتے ہیں ۔ انہوں نے ٹی آر ایس سے سوال کیا کہ کے پربھاکر ریڈی کو کیوں ٹی آر ایس ٹکٹ دیا گیا ہے پربھاکر ریڈی کبھی بھی تلنگانہ تحریک میں شامل نہیں رہے ۔ انہوں نے حلقہ پارلیمان میدک کے عوام سے بی جے پی اور تلگودیشم اتحادی امیدوار جگاریڈی کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔ جئے پرکاش ریڈی امیدوار بی جے پی پارلیمانی حلقہ میدک نے کہا کہ حلقہ اسمبلی سنگاریڈی سے ایک لاکھ ووٹوں کی اکثریت حاصل کرنے بی جے پی کارکنان سعی کریں جبکہ حلقہ اسمبلی پٹن چیرو میں بھی ایک لاکھ ووٹ کی ضرورت ہے وہ پارلیمانی حلقہ میدک کا دورہ کررہے ہیں ۔ سدی پیٹ ، میدک ، دوباک ، نرساپور اور گجویل میں بھی انتخابی جلسوں کا انعقاد عمل میں لایا جائیگا عوام مجھے کامیاب بناتے ہوئے ایک موقعہ دیں میں اپنی سیاسی زندگی کا آغاز بی جے پی سے ہی کیا اور اب دوبارہ بی جے پی میں شامل ہوچکا ہوں ۔ انہوں نے کہا کہ میری کامیابی پر حیدرآباد تا سنگاریڈی میٹرو ریلوے لائن کو وسعت دی جائیگی ، 200 کروڑ روپئے سے مانجرا سے پینے کے پانی کی اسکیم شروع کروانے کا تیقن دیا ۔ سربراہ ٹی آر ایس کے سی آر پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے برسراقتدار آتے ہی حلقہ اسمبلی سنگاریڈی کیلئے منظور شدہ 30 کروڑ کی رقم کو منسوخ کردیا اس طرح ترقیاتی کام ٹھپ ہوچکے ہیں ۔ حلقہ پارلیمان میدک کے عوام ترقیاتی کاموں کی انجام دہی کیلئے مجھے بھاری اکثریت سے کامیاب بنائیں ۔ اس موقع پر ایل رومنا صدر تلگودیشم ، ملاریڈی ایم پی ، سی رامچندرا ریڈی رکن اسمبلی ، ٹی کرشنا ریڈی ، ناگم جناردھن ریڈی ، بچی ریڈی ضلع صدر بی جے پی ، ششی کلا یادو ریڈی ضلع صدر تلگودیشم و جوگی ناتھ اور نرملا ریڈی و دیگر موجود تھے ۔