میدک میں ایک مندر سے مورتیوں کا سرقہ

میدک ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز ) : میدک ٹاون کی چلڈرنس پارک سے متصل ’رامالائم ‘ میں کل شب مندر کے ہال کا قفل توڑتے ہوئے نامعلوم افراد نے دو چھوٹی مورتیوں کا سرقہ کرلیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ ان مورتیوں پر دو کلو چاندی اور دو تولے سونا چڑھایا ہوا تھا ۔ پجاری مدھو سدن چاری کے مطابق کل شب مذہبی پروگرام کے بعد 12 بجے مندر بند کردی گئی تھی ۔ دوبارہ حسب معمول صبح 4 بجے مندر آنے تک کسی نے قفل شکنی کرتے ہوئے سونے اور چاندی سے ملمع کاری سے مزین دو مورتیاں چوری کرلی ۔ پجاری چاری کی شکایت پر سرکل انسپکٹر ٹاون اور رورل مسرز این وجئے کمار ، اور کشن کمار نے مندر کا معائنہ کیا اور مقدمہ درج کر کے تحقیقات کا آغاز کردیا ۔ سرکل انسپکٹر وجئے کمار نے بتایا کہ اس واقعہ کی چھان بین ہر زاویے سے کی جارہی ہے ۔ کلوز ٹیم کی مدد بھی لی جارہی ہے ۔ مندر میں سرقہ کی واردات پیش آنے کا علم ہوتے ہی مختلف ہندو تنظیموں ، بجرنگ دل ، شیوسینا ، آر ایس ایس سے وابستہ کارکنوں نے فون کالس کے ذریعہ تمام ہندوؤں میں یہ خبر عام کردی اور بطور احتجاج سارقوں کی جلد از جلد گرفتاری کے لیے پولیس پر دباؤ ڈالتے ہوئے ٹاون کے تمام بازار بند کروادئے ۔ جب کہ اسکولس و کالجس کے انتظامیہ کو بھی فون کرتے ہوئے تمام تعلیمی ادارے بند کروادئیے ۔ اور ریالی نکالتے ہوئے جئے شری رام کے نعرے لگائے ۔ فرقہ پرست طاقتوں کے اس عمل سے ٹاون میں ہلکی سی کشیدگی پھیل گئی ۔ ہندو تنظیموں کے اس احتجاج میں مقامی تمام سیاسی جماعتوں کے نمائندے بھی ان کے ساتھ گھومتے ہوئے مذہبی جذبات کو ظاہر کیا ۔ احتجاجیوں نے ایک گھنٹے تک رامالائم مندر کے روبرو نیو بس اسٹیشن روڈ پر راستہ روکو پروگرام بھی منظم کیا ۔ جس سے ایک گھنٹے تک ٹرافک نظام مفلوج رہا ۔ آر ڈی او میدک شریمتی ونجا دیوی اور تحصیلدار میدک شریمتی آر وجئے لکشمی نے بھی مندر کا دورہ کرتے ہوئے جائزہ لیا ۔۔