میدک میں ایمسیٹ کا پُرامن انعقاد

میدک۔/14مئی، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن میں ضلعی سطح کے ایمسیٹ امتحان کا پرامن طور پر انعقاد عمل میں آیا۔ محکمہ پولیس ، محکمہ مال کی جانب سے JNTUCکے ان امتحانات کیلئے زبردست انتظامات کئے گئے تھے۔ آر ڈی او میدک مسٹر ایم ناگیش گوڑ نے اپنے ایک پریس نوٹ میں یہ بات بتائی۔ انہوں نے بتایا کہ 2907 امیدواروں نے اہلیت ٹسٹ کیلئے اپنے نام درج کرائے تھے جس میں 180امیدوارامتحان میں غیر حاضر رہے۔ انجینئرنگ کے لئے 1613امیدواروں میں 110طلبہ غیر حاضر تھے جبکہ میڈیسن اینڈ اگریکلچر کیلئے 1124 میں 1114 امیدواروں نے امتحان لکھا۔ 70امیدوار غیر حاضر رہے۔ ایمسیٹ امتحان کیلئے ون ٹاؤن میں پانچ مراکز قائم کئے گئے تھے جہاں ستیہ سائی بابا ٹرسٹ کے کارکنوں نے صاف شفاف پانی اور چھاچھ کی مفت سربراہی کی۔ ایمسیٹ امتحان ٹاؤن کے وائی پی آر انجینئرنگ کالج، سدھارتھ ماڈل ہائی اسکول، گرلز جونیر کالج، گورنمنٹ ڈگری کالج پر منعقد ہوئے۔ ہر مرکز پر ڈی ایس پی راجہ رتنم کی قیادت میں پولیس کا وسیع تر بندوبست کیا گیا تھا۔ ان امتحانات کیلئے پرنسپال ویمنس پالی ٹیکنک مسٹر وینکٹ رام ریڈی بحیثیت کنوینر امتحانات اور لکچرر ویمنس پالی ٹیکنک مسٹر سائی بابا نے بحیثیت کوکنوینر خدمات انجام دی۔