میدک میں آر ایس ایس اور بی جے پی کی احتجاجی ریالی

میدک ۔ /25 ستمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) میدک ٹاؤن میں گنیش نمرجن کے موقع پر بلدیہ میدک کی جانب سے تمام گنیش منڈپوں کے ذمہ داروں کو مومنٹوز پیش کئے گئے جس پر ایشیاء کی دوسری بڑی کرسچن عبادت گاہ چرچ آف ساؤتھ انڈیا کا مونوگرام بنا ہوا تھا ۔ جس کو لے کر مقامی آر ایس ایس ، بھاجپا ، ہندوسینا ، وشواہندو پریشد کے زیراہتمام احتجاجی ریالی نکالتے ہوئے کمشنر بلدیہ کے خلاف نعرہ بازی کی گئی ۔ کمشنر بلدیہ مسٹر سنمیا سے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا گیا ۔ و نیز زعفرانی احتجاجیوں نے ہندو ہندو بھائی بھائی، ہندو ایکتا زندہ باد ، جئے سری ر ام کے نعرے بھی لگائے ۔ زاعفرانیوں نے ٹاون میں گھومتے ہوئے بازار بند کروائے اور تعلیمی ادارے بھی بند کروائے ۔ زعفرانیوں کے احتجاج کو لے کر مقامی پولیس فوری حرکت میں آتے ہوئے ٹاون کے سارے علاقوں کی گشت کی ۔ احتجاجیوں نے بلدیہ میدک کے دفتر پر جم کر دھرنا دیا ۔ احتجاجیوں نے بلدیہ میدک کے ڈپٹی ای ای کے ساتھ زبردست بحث و تکرار کی ۔ احتجاج کی قیادت صدر بجرنگ دل مسٹر ونپرتی وینکٹیشم بھاجپا ، قائد جی سرینواس ، وشواہندو پریشد لیڈر کٹلے سرینواس نے کی ۔ کمشنر بلدیہ نے دوسرے مونو گرام کے مومنٹوز بناکر پیش کرنے تیقن دیا ۔