رانچی ۔ 17 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستان کے خلاف ونڈے سیریز میں شرمناک شکست 0-5 برداشت کرنے والی سری لنکائی ٹیم ناکامیوں کے سلسلہ کو فوراً بھلا دینا چاہتی ہے۔ ان خیالات کا اظہار سری لنکائی ٹیم کے کپتان انجیلو میتھیوس نے کیا اور کہا کہ ہندوستان کی سیریز کے دوران سری لنکائی ٹیم نے کچھ مثبت پہلی بھی حاصل کئے ہیں۔ آخری مقابلہ میں شکست کے بعد وطن واپسی سے قبل یہاں میڈیا نمائندوں سے اظہارخیال کرتے ہوئے میتھیوس نے کہا کہ ہم ان ناکامیوں کے سلسلہ کو تیزی کے ساتھ بھلا دینا چاہتے ہیں اور اب ہماری تمام تر توجہ انگلینڈ کے خلاف کھیلی جانے والی گھریلو سیریز پر مرکوز ہوچکے ہیں۔ میتھیوس کے بموجب سری لنکائی ٹیم ہندوستان کے دورہ پر کھیلی جانے والی ونڈے سیریز میں چند نوجوان کھلاڑیوں کو موقع دینا چاہتی تھی اور چند سینئر کھلاڑیوں کو آرام کا موقع بھی دیا جانا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس طرح تھریمینے نے بیٹنگ مظاہرہ کیا وہ کافی اطمینان بخش اور بہتر تھا۔ تھریمینے کو آخری دو مقابلوں میں کھیلنے کا موقع ملا اور انہوں نے بہتر مظاہرہ کیا لیکن مجموعی طور پر سری لنکائی ٹیم کو کھیل کے تمام تینوں شعبوں میں بہتری کی ضرورت ہے۔ ہندوستان کے خلاف شرمناک شکست کے باوجود میتھیوس نے ان خیالات کو یکسر مسترد کردیا ہے کہ سیریز میں شکست کی وجہ سے سری لنکائی ٹیم کی ورلڈ کپ کی تیاریوں کو نقصان پہنچا ہے۔ میتھیوس کے بموجب ہندوستان کے خلاف سیریز میں یکطرفہ نتیجہ ہونے کے باوجود سری لنکائی ٹیم کو اپنی خامیوں کی نشاندہی کا موقع ملا ہے۔