شوہر نے گھر کو آگ لگادی ، لاکھوں کا مالی نقصان
کیرامیری /26 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) جینور منڈل کے موضع جمگاؤں میں شوہر اور بیوی کے درمیان تنازعہ کے بعد شوہر نے اپنے ہی مکان کو آگ لگادی ۔ جینور کے سب انسپکٹر سرینواس کے بیان اور تفصیلات کے بموجب جمگاؤں کے متوطن نارائن جوکہ سرکاری مدرس ہے اور اس کی بیوی یمنا بائی کے درمیان کچھ دنوں سے تنازعہ چل رہا تھا جس پر گذشتہ دو ماہ سے یمنابائی اپنے مائیکے میں ہی رہ رہی ہے اور 25 اور 26 اپریل کی درمیانی شب یمنابائی اپنے شوہر کے مکان جمگاوں واپس آنے کے بعد دونوں کے درمیان شدید جھگڑا ہوگیا جس کے بعد نارائن نے اپنے ہی مکان کو آگ لگاکر راہ فرار اختیار کی اور آگ لگانے کے بعد گھر میں موجود گیاس سلینڈر دھماکہ کے ساتھ پھٹ جانے سے آگ اور بھی شدید ہوگئی ۔ پڑوسی جمع ہوگئے اور فائر اسٹیشن کو اس کی اطلاع دی بعد میں فائر انجن کے ذریعہ آگ پر قابو پالیا گیا ۔ ان کے دو لڑکیاں اور ایک لڑکا گھر کے باہر سونے کی وجہ سے کوئی جانی نقصان تو نہیں ہوا لیکن گھر میں موجود قیمتی اشیاء جل جانے کی وجہ سے لاکھوں کا مالی نقصان ہوا ۔ جینور سب انسپکٹر جائے واردات پہونچ کر ایک مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا گھر کو آگ لگانے کے بعد سے نارائن مفرور بتایا گیا ہے ۔