میامی۔ 30 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) بارسلونا نے میامی میں ہفتہ کو کھیلے گئے دوستانہ لیکن سنسنی خیز کلاسیکو مقابلے میں اپنی دیرینہ حریف ریئل میڈرڈ کو 3-2 سے شکست دے دی۔ رونالڈو کے بغیر کھیلنے والی ریئل میڈرڈ کے خلاف بارسلونا کی نئے موسم میں یہ پہلی کامیابی ہے۔ دونوں تاریخی حریفوں کا اس بین الاقوامی چمپین شپ اور مانچسٹر کپ کے لئے اگست کے دوران دو مرتبہ آمنا سامنا ہوگا۔ بارسلونا نے فٹبال کے ماقبل موسم میں 100% بہتر ریکارڈ رکھی ہوئی ہے۔ اس کے مڈ فیلڈر سرجیو بسکوئے نے پریمیئر اسپورٹس سے کہا کہ ’’جسمانی طور پر ہم اچھی حالت میں ہیں۔ ٹیم جیت رہی ہے۔ ہمیں صرف اپنی خامیوں کی مزید اصلاح کرنا ہے‘‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’’کامیابی پر ہمیں خوشی ہوئی ہے۔ شائقین نے بھی (کھیل کا) خوب مزہ لیا کیونکہ وہاں کئی مواقع تھے، اگرچہ کھلاڑی گرمی و رطوبت سے متاثر ہورہے تھے‘‘۔ بارسلونا پہلے ہی جونٹس اور مانچسٹر یونائٹیڈ کو شکست دے چکی ہے۔ میڈرڈ کی شکست کا مطلب یہ ہوا کہ وہ (میڈرڈ) ماقبل موسم کامیابی کے بغیر امریکہ سے واپس لوٹ رہی ہے۔ میڈرڈ کے کوچ زین الدین زیڈان نے کہا کہ ’’اس شکست کی میں کوئی پرواہ نہیں کرتا۔ اس (شکست) سے ہمیشہ تکلیف پہونچتی ہے لیکن فی الحال اس کی کوئی اہمیت نہیں ہے‘‘۔ زیڈان نے مزید کہا کہ ’’یہ ماقابل موسم مقابلہ تھا۔ نتائج ہماری توقعات کے مطابق نہیں تھے لیکن اس سے کوئی تبدیلی نہیں ہوگی۔ سب سے اہم 8 اگست (یوروپی سوپر کپ میں مانچسٹر یونائٹیڈ سے میڈرڈ کے مقابلے) کی تیاری ہے۔ 1991ء کے بعد یہ پہلا موقع تھا کہ ایک دوسرے کی کٹر حریف دونوں ٹیموں کا کسی دوستانہ میچ میں آمنا سامنا ہوا ہے۔