خاندانی سیاست اور بدعنوانی کی ’ دکانیں ‘ بند ہوجانے کا اندیشہ
بھاگلپور ( بہار ) ۔ 11 ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : وزیراعظم مودی نے پنجشنبہ کو کانگریس کی زیر قیادت اپوزیشن پر شدید حملہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ مہا ملاوٹی ‘ گینگ کو یہ خوف لاحق ہوگیا ہے کہ وہ دوبارہ برسر اقتدار آجائیں گے تو ان کی بدعنوانی اور خاندانی سیاست کی ’ دکانیں ‘ بند ہوجائیں گی ۔ انہوں نے یہاں ایک انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ حزب مخالف مسلح افواج کو ان کے خصوصی اختیارات سے محروم کردینا چاہتی ہے ۔ جب کہ این ڈی اے حکومت فوجی جوانوں کو مکمل آزادی دے دینا چاہتی ہے تاکہ وہ دہشت گردوں اور نیکسل وادیوں سے نمٹ سکیں ۔ مودی نے مزید کہا کہ ان کی حکومت بابا صاحب امبیڈکر کے مجوزہ کوٹہ سسٹم کو مستحکم کرنے کے لیے کوشاں ہے ۔ انہوں نے اپنی تقریر میں بتایا کہ ’ اپوزیشن کو ڈر ہے کہ مودی اگر دوبارہ برسر اقتدار ہوجائے گا تو الیکشن کو موقوف کردیا جائے گا اور تمام دستوری اداروں کے لیے خطرہ پیدا ہوجائے گا اور تحفظات کو برخاست کردیا جائے گا ۔ حقائق اپنی جگہ ، آپ کا یہ چوکیدار تحفظات کے نظام کو تقویت پہنچانے کی کوشش کررہا ہے ۔ بہار کی 40 لوک سبھا نشستوں کے لیے 7 مرحلوں میں انتخابات ہورہے ہیں ۔۔