ممبئی 17 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) مہاراشٹرا کے وزیر صنعت نارائن رانے نے آج اعلان کیا کہ وہ 21 جولائی کو پرتھوی راج چاوان وزارت سے مستعفی ہوجائیں گے ۔ انہوں نے چیف منسٹر کے طرز عمل پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ رانے کہا کہ وہ کونکن علاقہ کا دورہ کرینگے اور استعفی دینے سے قبل اپنے حامیوں سے مشاورت کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ پارٹی میں برقرار رہیں گے تاہم کس حیثیت میں رہیں گے اس کا فیصلہ نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے سیاسی منصوبوں کا پیر کو اعلان کرینگے ۔ نارائن رانے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے عزائم کا اعلان کیا تاہم اس سے قبل انہوں نے ممبئی میں مہاراشٹرا انڈسٹریل ڈیولپمنٹ کارپوریشن دفتر کا دورہ کیا اور وہاں عہدیداروں سے کہا کہ آئندہ ہفتے سے ان کے وزیر نہیں رہیں گے ۔ انہوں نے پہلے بھی استعفی کی پیشکش کی تھی جب لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کو شکست ہوئی تھی ۔ ان کی اس پیشکش کو چیف منسٹر پرتھوی راج چاوان نے قبول نہیں کیا تھا ۔ کہا جارہا ہے کہ رانے چاہتے تھے کہ خود چاوان بھی کانگریس کی شکست کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے مستعفی ہوجائیں ۔ وہ کئی مرتبہ کابینہ کے اجلاس سے بھی ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے واپس ہوگئے تھے ۔