مہاراشٹرا میں کانگریس۔این سی پی اتحاد برقرار رہے گا: طارق انور

پٹنہ ۔ 22 ۔ ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) اب جبکہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے کانگریس اور این سی پی اتحاد کے بارے میں ہنوز کوئی وضاحت سامنے نہیں آئی ہے وہیں این سی پی جنرل سکریٹری طارق انور نے توقع ظاہر کی دونوں پارٹیوں میں سیاسی اتحاد کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ انہوں نے این سی پی کے بی جے پی یا شیوسینا سے اتحاد کی قیاس آرئیوں کو مسترد کردیا ۔ اخباری نمائندوں سے بات کرتے ہوئے انہوں ن ے کہاکہ بات چیت کا سلسلہ جاری ہے اور عنقریب این سی پی ۔ کانگریس اتحاد کو قطعیت دی جائے گی ۔ جب ان سے یہ پوچھا گیا کہ آخر دونوں پارٹیوں کے اتحاد کی قطعی تاریخ کیا ہوگی تو انہوں نے کہا کہ نامزدگیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے اور ہوسکتا ہے کہ صرف ایک یا دو دنوں میں کوئی واضح تصویر سامنے آجائے ۔ جب ان سے یہ استفسار کیا گیا کہ کیا این سی پی ، بی جے پی ۔ شیوسینا اتحاد سے متعلق بات چیت کے نتائج کی منتظر ہے تاکہ دونوں میں پھوٹ پڑنے کی صورت میں این سی پی بی جے پی یا شیوسینا سے سیاسی اتحاد کرسکے ۔ طارق انور نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ ایسے کوئی امکانات نہیں ہیں۔