مہاراشٹرا میں وزراء کے استعفیٰ تیار ہیں: شیوسینا

ممبئی 27 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے بلدی انتخابات میں اپنے ہی بل بوتے پر مقابلہ کرنے شیوسینا کے فیصلہ کے ایک دن بعد سینئر پارٹی لیڈر اور ریاستی وزیر رام داس کڈم نے آج کہا ہے کہ بی جے پی کی زیرقیادت حکومت میں شامل وہ اور اُن کے ساتھی اپنے استعفیٰ جیب میں رکھ لئے ہیں اور پارٹی سربراہ ادھو ٹھاکرے کی ہدایت کے منتظر ہیں۔ سرکاری دفاتر سے مذہبی تصاویر ہٹادینے سے متعلق حکومت کی ہدایت سے دستبرداری کے مطالبہ پر چیف منسٹر دیویندر فڈنویس سے نمائندگی کے بعد رام داس کڈم نے کہاکہ ہمارے جیب میں استعفیٰ نامہ تیار ہیں۔ ادھو کے ایک اشارہ پر پیش کردیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ پارلیمنٹ بجٹ اجلاس کے پیش نظر چیف منسٹر کی جانب سے طلب کردہ کل جماعتی ارکان پارلیمنٹ کے اجلاس کا بھی شیوسینا بائیکاٹ کرے گی۔ دریں اثناء بی جے پی لیڈر کرٹ سومیا نے آج بتایا کہ برہین میونسپل کارپوریشن کے اسکامس پر پارٹی بہت جلد ایک بلیک پیپر جاری کرے گی۔