مہاراشٹرا میں نوٹ بندی کے خلاف کانگریس کا احتجاج

50 یوم گذرنے کے باوجود عوام کی مشکلات برقرار
ممبئی ۔ 28 ۔ دسمبر : ( سیاست ڈاٹ کام) : مہاراشٹرا پردیش کانگریس کے صدر اشوک چوہان نے آج بتایا ہے کہ ریاست بھر میں جنوری کے پہلے ہفتہ سے نوٹ بندی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جائیں گے کیوں کہ 50 یوم کا طویل عرصہ گذر جانے کے باوجود عوام کے مصائب برقرار ہیں ۔ انہوں نے یہاں کانگریس کی 132 ویں یوم تاسیس تقریب کو مخاطب کرتے ہوئے یہ اعلان کیا اور بتایا کہ نوٹ بندی کے 50 یوم گذر گئے جب کہ وزیراعظم نے تیقن دیا تھا کہ عوام کی مشکلات آسان ہوجائے گی لیکن زمینی حقائق اس کے برعکس ہیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے سابق چیف منسٹر نے مطالبہ کیا کہ انہیں کرپشن متعلق پارٹی کے نائب صدر راہول گاندھی کے الزامات کا جواب دینا چاہئے ۔ واضح رہے کہ کانگریس نائب صدر نے یہ الزام عائد کیا ہے کہ چیف منسٹر گجرات کی حیثیت سے نریندر مودی نے بڑے صنعتی گھرانوں سے کروڑہا روپئے کے عطیات وصول کئے تھے ۔ اور اس خصوص میں تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا لیکن وزیراعظم نے کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا ہے بلکہ کانگریس لیڈر کا مذاق اڑاتے ہوئے مسئلہ سے توجہ ہٹا دینے کی کوشش میں ہے ۔۔