ممبئی 5 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) یہ ادعا کرتے ہوئے کہ ترقی اور تعلیم کے معاملہ میں مہاراشٹرا ‘ گجرات سے آگے ہے سابق مرکزی وزیر و کانگریس لیڈر آنند شرما نے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی کو چاہئے کہ وہ کچھ بھی بولنے سے پہلے اچھی تیاری کرلیں۔ آنند شرما نے کہا کہ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات سے قبل نریندر مودی ڈرے ہوئے ہیں اسی لئے وہ ریاست میں 20 انتخابی جلسوں سے خطاب کرنے والے ہیں۔ آندد شرما نے یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کل مودی نے اپنے جلسوں میں کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ مہاراشٹرا کو گجرات سے آگے لے جائیں۔ انہیں یہ جان لینا چاہئے کہ سال 2000 سے 2013 کے درمیان کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ مہاراشٹرا تعلیم اور ترقی کے معاملہ میں گجرات سے آگے ہے ۔ مہاراشٹار میں سب سے زیادہ راست بیرونی سرمایہ کاری آئی ہے اور اس معاملہ میں گجرات پانچویں نمبر پر ہے ۔ مودی کو کچھ بھی بولنے سے پہلے اچھی طرح معلومات کرلینی چاہئے ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ جب یو پی اے کا دور حکومت ختم ہوا تو مہاراشٹرا تعلیم ‘ پینے کے پانی اور ترقی کے معاملہ میں گجرات سے آگے تھا ۔ گجرات سمیت غذا سے ہونے والی اموات میں سب سے آگے ہے ۔ مہاراشٹرا اسمبلی انتخابات کیلئے مودی کے 20 انتخابی جلسوں سے متعلق سوال پر آنند شرما نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ مودی ڈرے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آزادی کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ہمارا کوئی مکمل وزیر دفاع نہیں ہے ۔ دفاع کا قلمدان وزیر فینانس کو دیا گیا ہے اور وہ بھی علیل ہیں۔