مہاراشٹرا اسمبلی کے تین روزہ اجلاس کا آج آغاز

ممبئی۔ 9؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ مہاراشٹرا اسمبلی کے تین روزہ خصوصی اجلاس کا کل سے آغاز ہوگا جس کے دوران چیف منسٹر دیویندر فرنویس اعتماد کا ووٹ حاصل کریں گے۔ ریاستی گورنر سی ودیاساگر راؤ، چیواپانڈو گاوٹ کو بحیثیت عبوری اسپیکر اسمبلی راج بھون میں 10 بجے دن حلف دلوائیں گے۔ اسمبلی کی کارروائی کا آغاز 11 بجے دن ہوگا اور پہلے دو دن 13 ویں اسمبلی کے ارکان کی تقریب حلف برداری منعقد ہوگی۔ 12 نومبر کو اسپیکر کا انتخاب ہوگا جس کے بعد فرنویس تحریک اعتماد پیش کریں گے۔ اجلاس کا اختتام گورنر کے ارکان اسمبلی سے خطاب پر ہوگا۔ شیوسینا امکان ہے کہ وزارتی قلمدانوں کا مطالبہ کرے گی۔ فرنویس پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ خط اعتماد پر ریاستی اسمبلی میں رائے دہی سے قبل کسی بھی وزیر کی حلف برداری تقریب نہیں ہوگی۔ کابینہ میں توسیع خط اعتماد حاصل کرنے کے بعد ہی کی جائے گی۔ شیوسینا کے رکن پارلیمنٹ انیل دیسائی آج دہلی میں حلف نہیں اُٹھا سکے۔ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ شیوسینا ریاستی حکومت میں شامل بھی نہیں ہوگی۔ 288 رکنی اسمبلی میں بی جے پی کے 121، این سی پی کے 41 ارکان ہیں۔ این سی پی نے نئی حکومت کو باہر سے تائید کا پیشکش کیا ہے جس کے نتیجہ میں شیوسینا کے 63 ارکان اسمبلی امکان ہے کہ اپوزیشن کی بینچوں پر بیٹھیں گے، جب تک کہ بی جے پی کی جانب سے کوئی قابل احترام پیشکش نہ کی جائے۔