یلاریڈی۔ 12 اگست (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مہاتما گاندھی نرسری اسکیم کے تحت مواضعات میں درختوں کی افزائش کرنا حکومت کا مقصد دَم توڑ رہا ہے۔ ماحولیات کو بچانے کی غرض سے نرسری میں افزائش کئے گئے پودوں کو مواضعات کے مقصد تک رسائی ممکن نہیں ہورہی ہے۔ ہر نرسری میں لاکھوں پودے افزائش کرتے ہوئے کسانوں کو مفت سربراہی کرنے کے باوجود ان کا تحفظ کرنے میں ناکام ہورہے ہیں۔ لاکھوں روپئے صرف کرکے سال بعد افزائش کرنے کے بعد نرسری سے پودے تقسیم کئے جاتے ہیں لیکن اس کا تحفظ کرنے کی کسی میں دلچسپی نہیں جبکہ پودوں کی دیکھ بھال کیلئے حکومت روپئے خرچ کررہی ہے پھر بھی نتیجہ صفر رہا۔ پودوں کو مواضعات کو منتقلی، شجری کاری سے قبل فی پودے کو 15 روپئے ادا کررہے ہیں۔ ہر سال 100 درختوں کی دیکھ بھال کے لئے 2 ہزار روپئے دیئے جاتے ہیں۔ روپئے ادا کئے جارہے ہیں، مگر نگرانی و حفاظت کا مقصد پورا نہ کیا جارہا ہے۔ منڈل یلاریڈی کے تقریباً پانچ نرسریوں میں 2 لاکھ پودوں کی افزائش ہورہی ہے جس میں جام، ساگوان، آم، املی اور دوسرے پودے شامل ہیں۔ ان پودوں کی افزائش کیلئے سوشیل فاریسٹ عملہ سال بھر ضروری حفاظت کرتا ہے۔ ایک کسان کو سینکڑوں پودوں دے کر اس کے کھیت میں کٹوں پر شجری کاری کرنے کیلئے ضروری اقدامات کررہے ہیں۔ ہر سال افزائش کئے گئے پودے تقریباً 70% مواضعات کو منتقل کئے جارہے ہیں ، لیکن ان پودوں کی افزائش صرف 10% بھی دیکھنے میں نہیں آرہی ہے۔ ایک پودے کی افزائش کیلئے نرسری میں 10 روپئے خرچ کئے جانے کی اطلاع ہے۔ عہدیداروں کے افزائش کئے گئے ان پودوں میں زیادہ تر ساگوان پودے ہی کسان لے جانے میں دلچسپی دکھا رہے ہیں۔
گزشتہ پانچ سال سے اس اسکیم کے تحت منڈل میں تقریباً 10 لاکھ پودوں کی افزائش کی گئی۔ ان میں تقریباً 7 لاکھ پودے سربراہ کئے گئے پھر بھی ان میں ایک لاکھ پودے بھی بڑھ کر درخت اور پتے کا منظر نظر نہ آیا کیونکہ سرکاری دفتروں، اسکولوں، کالجوں، گرام پنچایتوں آفس احاطہ میں شجر کاری کرنے والے عہدیدار ان پودوں کی دیکھ بھال میں ضروری دلچسپی لیتے کہیں نظر نہیں آئے۔ لاکھوں روپئے صرف کرکے افزائش کئے جارہے پودے ، درخت بن کر ماحولیات کو بہتر بنانے میں معاون ہونے کیلئے کوئی ضروری اقدامات نہیں کئے جارہے ہیں، جبکہ مستقبل میں ماحولیات کو سرسبز و شاداب رکھنے کیلئے اس اسکیم پر مکمل توجہ مرکوز کرنا متعلقہ عہدیداروں کی مکمل ذمہ داری ہے، ورنہ سرکاری خزانہ یوں ہی ضائع ہوتا رہے گا۔ پودوں کی افزائش صرف نرسری میں کرتے اسے تقسیم کردینے سے یہ اسکیم کامیاب نہیں ہوگی، بلکہ اسے تقسیم کئے گئے مقامات پر مکمل توجہ دے کر نگرانی و دیکھ بھال کے انتظامات بھی کرنا ضروری ہے تب کہیں جاکر مہاتما گاندھی نرسری اسکیم کا مقصد پورا ہوگا۔ سرکاری دوسری تمام اسکیمات کے برابر اس اسکیم میں لاپرواہی مستقبل کیلئے پریشان کن ثابت ہوسکتی ہے۔ ماحولیات کا تعلق انسانی زندگیوں سے ہے اور اس سے ہی لاپرواہی آنے والی نسلوں کو خطرہ والی زندگی گزارنے کیلئے چھوڑ دینے کے برابر ہوگی۔ متعلقہ عہدیدار اس اسکیم کو صد فیصد کامیاب بنانے کے لئے ہر وہ ضروری اقدامات کرتے ہوئے ماحولیات کو بہتر بنائیں۔