مکہ کرین حادثہ، 40 افراد کی عدالت میں پیشی

ریاض ۔ 2 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب کے مقامی میڈیا کے مطابق ماہ ستمبر میں مسجد الحرام میں ہوئے کرین حادثے میں ملوث ہونے کے مقدمے میں 40 کے قریب افراد تین مختلف عدالتوں کے سامنے پیش ہوںگے۔ مکہ کے بیورو آف انویسٹی گیشن اور پبلک پراسیکیوشن کو اس کیس کی فائل موصول ہوگئی ہے جو کہ ریاض آفس میں جمع کروائی گئی تھی تاکہ اس کی مزید جانچ پڑتال کی جاسکے۔ ملزمان میں تعمیراتی گروپ بن لادن کے 30 اعلیٰ عہدیداران، ڈائریکٹر اور ٹیکنیشن شامل ہیں جبکہ دیگر 10 افراد سرکاری محکموں سے تعلق رکھتے ہیں۔ سمری کورٹ اس مقدمے کے مجرمانہ پہلو کو دیکھے گی اور ملزمان کے خلاف صوابدیدی فیصلے جاری کرے گی۔ جنرل کورٹ میں دیت اور دیگر جرمانوں کے معاملے کو دیکھا جائے گا جبکہ انتظامی کورٹ میں تعمیراتی کمپنی اور حکومتی محکموں کے درمیان ہونے والے کنٹراکٹ کی خلاف ورزیوں پر فیصلہ دیا جائے گا ۔ ذرائع کے مطابق تحقیقاتی کمیٹی نے بین الاقوامی حفاظتی کمپنیوں کے متعدد افراد اور 200 سے زائد انجینئرز، مینیجرز اور بورڈ آف ڈائریکٹر کے ممبران سے بات کی ہے۔کمیٹی نے کرین کے آپریشن کے دستاویزات، دیکھ بھال کے معاہدوں اور مسجد حرام کی توسیع کے منصوبے میں حفاظتی اقدامات کا بھی جائزہ لیا۔