سنگاریڈی میں عازمین حج تربیتی کیمپ سے مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی کا خطاب
سنگاریڈی 26 جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مکہ مکرمہ مرکز عبادت و اطاعت، مدینہ منورہ مرکز محبت و عقیدت ہے۔ حجاج کرام کی جب کعبۃ اللہ پر پہلی نظر پڑتی ہے کہ زندگی بھر جس کعبہ کی طرف اللہ کے لئے سربسحود ہوتے رہے اس کعبہ کو اپنے روبرو دیکھ کر مغلوب الحال ہوجاتے ہیں اور دل و جان سے عبادت و اطاعت میں ہمہ تن مصروف ہوجاتے ہیں۔ جبکہ عازمین مدینہ منورہ کے حدود میں پہنچتے ہی آقائے دو جہاں سرور کونین حضرت محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ و سلم کی محبت و عقیدت میں محو ہوجاتے ہیں اور دل و جان سے آپ کی غلامی کے احساس کے ساتھ لمحہ لمحہ درود و سلام کے نذرانے جاری ہوجاتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی ناظم مدرسہ عربیہ نعمانیہ نے مسجد نعمانیہ گنج میدان سنگاریڈی میں منعقدہ ضلعی عازمین حج کے تربیتی کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے عازمین حج سے خصوصیت کے ساتھ اپنی نیت کو درست کرنے، حلال مال خرچ کرنے اور تمام مناسک حج کو خوب سیکھ کر حج کرنے کی تاکید کی۔ سفر حج سے پہلے رشتہ داروں، عزیز و اقارب سے معافی اور ان کے حقوق کی ادائیگی کی پرزور گذارش کی۔ مفتی محمد اسلم سلطان قاسمی نے مناسک حج و عمرہ، طواف و سعی، وقوف عرفہ مزدلفہ، آداب و زیارت روضہ رسول اللہ ﷺ و مسجد نبویؐ ، مسجد قباء ، مسجد قبلتین اور زیارات شہدائے بدر واحد، جنت البقیع و جنت المعلیٰ پر تفصیلی روشنی ڈالی۔ اس موقع پر محمد قمر علی بخاری، محمد مختار احمد، شیخ سالم، احمد بن عمر، مولانا محمد قمر عالم قاسمی، محمد صدیق، محمد اعجاز احمد، محمد خواجہ علی، مولانا زبیر شریف قاسمی، حافظ عرفان شریف و دیگر موجود تھے۔ صدر انتظامی کمیٹی مسجد ہذا محمد عبدالمجید، حافظ محمد واجد اور محمد شاہد نے عازمین حج کیمپ کی نگرانی کی۔