دوبئی 26 مئی (سیاست ڈاٹ کام) سعودی عرب مکہ معظمہ میں دنیا کی وسیع ترین ہوٹل کی تعمیر کا منصوبہ بنارہا ہے جس میں 10 ہزار کمرے ہوں گے اور اس کی لاگت 3 ارب 50 کروڑ امریکی ڈالر ہوگی۔ اس کا ڈیزائن الہندسہ گروپ نے تیار کیا ہے۔ پراجکٹ کی عمارت کا جملہ رقبہ 14 لاکھ مربع میٹر ہوگا اور اسے منافیہ علاقہ مکہ معظمہ میں تعمیر کیا جائے گا۔ خبررساں ادارہ مینا کی خبر کے بموجب 45 منزلہ ابرج خدائی ہوٹل ایک قابل دید عمارت ہوگی جس میں 10 ہزار کمرے، 12 میناروں کے علاوہ 70 ریسٹورنٹس اور 4 ہیلی پیاڈ ہوں گے۔ عمارت توقع ہے کہ 2017 ء تک مکمل ہوجائے گی۔ میناروں میں سے 10 چار ستارہ رہائشی سہولت فراہم کریں گے، باقی دو پرتعیش پانچ ستارہ سہولتوں سے آراستہ ہوں گے۔ ارین ہاسپٹالیٹی کے صدر شعبہ ڈیزائنس اینڈریو لنگووڈ نے کہاکہ ہوٹل کا اندرونی حصہ کافی وسیع ہوگا۔ اس کے لئے مالیہ سعودی وزارت فینانس فراہم کررہی ہے۔ ہوٹل کا مقصد عازمین حج کی بڑھتی ہوئی تعداد کیلئے رہائش کی سہولتیں فراہم کرنا ہے جو مکہ معظمہ اور دیگر مقدس شہروں کی زیارت کے لئے حج کے موقع پر یہاں آتے ہیں۔ اُنھوں نے کہاکہ ہم اس چیالنج کا سامنا کررہے ہیں اور اپنی تخلیقی صلاحیت کی قیمت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ توقع ہے کہ ابرج خدائی کے مہمانوں کا خیرمقدم ہوگا اور اُن کی تعداد میں دن بہ دن اضافہ ہوگا۔ اس کا نمونہ روایتی ریگستان کے طور پر تیار کیا گیا ہے۔ اِس عمارت میں ایک بس اسٹیشن، ایک شاپنگ مال، طعام خانے اور کانفرنس کے مراکز ہوں گے۔ علاوہ ازیں چھت پر شاندار بال روم تیار کیا جائے گا۔