مکہ راج پیٹ میں جرائم و حادثات

مکہ راج پیٹ /25 جنوری (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) دوباک منڈل مستقر پر مشتبہ حالت میں ایک شخص کی موت واقع ہوئی۔ ذرائع کے مطابق مستقر دوباک میں ایک 32 سالہ شخص امباداس نامی شخص سڑک پر گرکر ہلاک ہو گیا۔ عینی شاہدین و مقامی افراد نے اس شخص کی موت کی اہم وجہ حالت نشہ بتائی۔ مہلوک کا تعلق بانسواڑہ (ضلع نظام آباد) منڈل سے ہے۔
٭ چھوٹا شنکرم پیٹ منڈل کے موضع کنڈہ پور میں ایک 68 سالہ شخص آسرا اسکیم کے تحت وظیفہ سے محرومی کے باعث دلبرداشتہ ہوکر زرعی کھیت میں خودکشی کرلی۔ اطلاع کے بموجب لکشمیا نامی شخص نے متعدد مرتبہ درخواست داخل کرنے کے باوجود پنشن نہ ملنے پر ایک گنے کے کھیت میں خودکشی کرلی اور برسر موقع ہلاک ہو گیا۔ مقامی عوام نے اس موقع پر حکومت کے خلاف شدید برہمی ظاہر کی ہے۔
٭ شیوم پیٹ منڈل کے سکندلہ پور کے قریب دو موٹر سائیکلوں میں بری طرح تصادم ہو گیا، جس میں روی کمار نامی شخص برسر موقع ہلاک ہو گیا، ایک شخص کی حالت نازک بتائی گئی ہے، جب کہ دو افراد بشمول ایک خاتون شدید زخمی ہوئے۔ تفصیلات کے بموجب سکندلہ پور کے روی کمار اپنی بھاوج کے ہمراہ موٹر سائیکل سے توپران کی سمت جا رہا تھا کہ مخالف سمت سے آنے والی ایک تیز رفتار موٹر سائیکل سے بری طرح ٹکرا گیا، جس کے نتیجے میں روی کمار برسر موقع ہلاک ہو گیا اور خاتون شدید زخمی ہوئی، جب کہ دوسری موٹر سائیکل پر سوار دو افراد ہمنت ریڈی اور انیل ریڈی بھی شدید زخمی ہوئے، جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی ہے۔ تمام زخمیوں کو ایمبولنس کے ذریعہ ہاسپٹل منتقل کیا گیا۔
٭ دولت آباد منڈل مستقر پر ایک مستری کام کے دوران اونچائی سے گرکر زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے بموجب مستقر دولت آباد کا ایک تھاپی مستری نئے مکان کی تعمیر کرتے ہوئے اوپر سے گرکر شدید زخمی ہو گیا، جسے گجویل کے ایک ہاسپٹل میں شریک کردیا گیا۔