مکہ: توسیع حرم کیلئے تعمیراتی کام عروج پر

مکہ المعظمہ۔ 31ڈسمبر۔( سیاست ڈاٹ کام ) مسجد حرام میں توسیع کے عظیم شاہ عبداللہ منصوبے کا تیسرا مرحلہ تیزی سے جاری ہے۔ اس مرحلے میں مطاف کی توسیع شامل ہے، اس مقصد کیلئے تعمیراتی کام ان دنوں اپنے عروج پر ہے۔اس امر کا اظہار حرمین الشریفین کی مجلس انتظامی کی طرف سے اس منصوبے کیلئے مقرر کردہ انڈر سیکرٹری محمد الوقدانی نے کیا ہے۔ان کے بقول شاہ فہد توسیعی منصوبے کے مقابل علاقے میں مطاف کی توسیع کیلئے زیر زمین بنیاد مکمل کی جا رہی ہے۔ اسی ہفتے کے اختتام تک یا اگلے ہفتے کے آغاز تک مطاف کی بنیادوں کے حوالے سے کنکریٹ بھر دی جائے گی۔اس سے قبل پہلے دو مراحل پر محیط تعمیراتی کام اپنی مقررہ مدت کے دوران مکمل ہو چکا ہے۔ اس کی بدولت اب مسجد حرام میں نمازیوں اور حجاج کی گنجائش ستر فیصد بڑھ گئی ہے۔ توسیعی منصوبے کے تحت اکیاسی ہزار پانچ سو سڑسٹھ مربع میٹر پر تعمیرات مکمل ہوں گی۔ تیسرے مرحلے میں 22سیڑھیاں اور معذور افراد کیلئے بارہ لفٹس کی تنصیب بھی کی جائے گی۔ نئی توسیعات کے بعد مسجد حرام میں داخلے کیلئے لیے دروازوں کو بھی بڑا کر دیا جائے گا۔