مکتھل /20 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) ریاستی حکومت کی جانب سے کئے گئے گھر گھر عوامی سروے انتہائی کامیاب رہا اور مکتھل منڈل میں عوامی سروے کے سلسلہ میں عوام میں زبردست جوش و خروش دیکھا گیا ۔ حلقہ اسمبلی مکتھل کے منڈلس میں صبح ساڑھے سات بجے سے سروے کا آغاز ہوا اور صرف 8 گھنٹے میں 80 فیصد سروے مکمل ہوا ۔ صبح کی ابتدائی ساعتوں ہی سے سروے کے دن لوگ اپنی تفصیلات کا اندراج کروانے پوری تیاری کے ساتھ اپنے اپنے گھروں میں عہدیداروں کے منتظر نظر آرہے تھے ۔ تحصیل آفس مکتھل کے صحافتی ذرائع کے بموجب مکتھل منڈل میں جملہ 17837 خاندانوں کے سروے کا نشانہ مقرر کیا گیا تھا مگراس سے زائد 18830 خاندانوں کا سروے کیا گیا ۔ اس طرح مکتھل منڈل میں سروے کا فیصد ایک سو سے زیادہ رہا ہے بلکہ 105 فیصد ریکارڈ کیا گیا ۔ تحصیلدار مکتھل مسٹر ہری لال اور اسپیشل آفیسر مکتھل منڈل مسٹر سبھاش راج نے سیاست نیوز کو تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ مکتھل منڈل کیلئے 17837 خاندانوں کے جامع سروے کیلئے 25 مکانات پر مشتمل ایک ایک بلاک بناتے ہوئے جملہ 717 بلاکس بنائے گئے تھے اور اس کیلئے 717 اینورائٹرس ( سروئیر ) کا تعین کیا گیا جبکہ مکتھل منڈل کے جملہ 26 گرام پنچایتوں میں 26 ولیج آفیسرس کا بھی تقرر عمل میں لایا گیا تھا اور ان سب کی عمومی نگرانی کیلئے 5 زونل آفیسرس موجود تھے جبکہ مستقر مکتھل ٹاون میں 6069 مکانات کیلئے 242 بلاکس بناتے ہوئے سروے کرنے والے عہدیداروں کا تعین کیا گیا ۔ مکتھل مستقر پر رکن اسمبلی مکتھل مسٹر سی رام موہن ریڈی نے اپنی قیام گاہ واقع باپوجی نگر حیدرآباد روڈ سے اپنے خاندان کی تفصیلات درج کروائی ۔ حلقہ اسمبلی مکتھل کے مانگنور منڈل کے موصغ کتہ پلی میں صبح میں کچھ دیر کیلئے سروے کو روک دیا گیا تھا اور عوام نے مخالفت کی تاہم مسٹر رام موہن ریڈی ایم ایل اے مکتھل کی افہام و تفہیم کے بعد دوبارہ سروے شروع کیا گیا
اور عوام نے اپنا بھرپور تعاون پیش کیا ۔ جبکہ مکتھل منڈل کے مادھوار موضع میں مکانات پر نمبرنگ کو لیکر سروے کے کام کا تاخیر سے آغاز ہوا ۔ مستقر مکتھل ٹاون کے بعض محلہ جات کے علاوہ مکتھل منڈل کے بعض دیہی علاقوں میں رات دیر گئے تک سروے جاری رہنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئیں ۔ تحصیلدار مکتھل مسٹر ہری لال اور اسپیشل آفیسر مسٹر سبھاش راج نے مکتھل منڈل کی عوام سے اظہار تشکر کرتے ہوئے سروے میں عوام کے مثبت ردعمل اور زبردست عوامی جوش و خروش پر خوشی و مسرت کا اظہار کیا ور سروے کی انتہائی کامیابی اور توقع سے زیادہ سروے کے فیصد کے حصول پر اپنے غیرمعمولی اطمینان کا اظہار کیا ۔ اس سروے کیلئے مکتھل اور اطراف و اکناف میں بیرونی ریاستوں میں رہنے والے ہزاروں خاندان اپنے آبائی مقام پہونچے تھے ۔ ایک اطلاع کے مطابق پونہ ، ممبئی ، گجرات اور دیگر مقامات سے مکتھل اور ضلع محبوب نگر بذریعہ ٹرین پہونچنے والوں کی تعداد 20 ہزار سے متجاوز بتائی گئی ۔ اس کے علاوہ حیدرآباد و دیگر مقامات سے بذریعہ سڑک اور بسوں سے پہونچنے والوں کی تعداد علحدہ ہے ۔ جبکہ سروے کے دن مستقر مکتھل میں تمام دکانوں اور بازار بند کے علاوہ سڑکیں اور اہم شاہراہیں بالکل سنسان نظر آرہی تھیں اور بعض سروے کرنے والے غیر مقامی عہدیداروں کو ناشتہ کیلئے ہوٹلس بند ہونے کے باعث گرام پنچایت میں بنائے گئے ناشہ سے ناگواری و مجبوری سے فائدہ اٹھاتے ہوئے دیکھا گیا ۔