10 امیدوار انتخابی میدان میں ، 4 امیدواروں میں اصل مقابلہ
مکتھل۔23 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حلقہ اسمبلی مکتھل سے جہاں پندرہ امیدواروں نے اپنے پرچہ جات نامزدگی داخل کی تھی آج اپنے پرچہ جات سے دستبرداری کے دن دو امیدواروں نے اپنی نامزدگی سے دستبرداری اختیار کرلی جن میں ایک آزاد امیدوار شریمتی پدمجا سریندر ریڈی اور ٹی جے ایس کے مسٹر دتاتریہ شامل ہیں جبکہ تین امیدواروں کے پرچہ جات کو شرائط کو ملحوظ نہ رکھنے کے نتیجہ میں مسترد کردیا گیا۔ اس طرح 15 امیدواروں میں پانچ امیدوار انتخابی میدان سے باہر آگئے جبکہ10 امیدوار قسمت آزمائی کے لیے انتخابی میدان میں موجود ہیں تاہم سیاسی مبصرین کے مطابق اس حلقہ اسمبلی مکتھل سے چار امیدواروں ٹی آر ایس، تلگودیشم ، کانگریس عظیم اتحاد اوربی جے پی کے علاوہ ٹی آر ایس کے باغی گروپ کے نامزد کردہ آزاد امیدوار مسٹر سریندر ریڈی کے درمیان اصل مقابلہ درپیش ہے۔ ٹی آر ایس سے سی رام موہن ریڈی تلگودیشم کانگریس عظیم اتحاد سے مسٹر کے دیاکر ریڈی اور بی جے پی سے مسٹر بی کونڈیا اس حلقہ سے مقابلہ کے لیے میدان میں ہیں اور تمام امیدوار اپنی اپنی انتخابی مہم میں شدت پیدا کرتے ہوئے عوام کو اپنی جانب راغب کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں جبکہ ٹی آر ایس کے باغی امیدوار کی مہم میں بھی وقت کے گزرنے کے ساتھ ساتھ شدت میں اور تیزی پائی جارہی ہے اور اسمبلی حلقہ میں شامل نروا، اٹکور منڈل کے عوام کی ایک بڑی تعداد اس باغی گروپ کے ساتھ دیکھی جارہی ہے اور سیاسی تجزیہ نگاروں نے اس امیدوار کی کامیابی کے امکانات کو بھی نظرانداز نہیں کیا ہے۔