مکالم کے ریکارڈ195 رنز ،نیوزی لینڈ 429/7

کرسٹ چرچ26 ڈسمبر (سیاست ڈاٹ کام)برینڈن مکالم نے ریکارڈ ساز 195 رنز کی اننگز کھیلی اور نیوزی لینڈ نے یہاں سری لنکا کے خلاف شروع ہوئے پہلے ٹسٹ کے پہلے ہی دن 7 وکٹوں کے نقصان پر ہمالیائی 429 رنز اسکور کئے ۔ مکالم نے 134 گیندوں میں 18 چوکوں اور 11 چھکوں پر مشتمل اپنی اننگز میں 195 رنز اسکور کئے تاہم وہ ایک اور ڈبل سنچری سے محض 5 رنز پیچھے رہ گئے۔ٹاس جیت کر سری لنکائی ٹیم کے کپتان انجیلو متھیوز نے میزبان ٹیم کو بیاٹنگ کے لئے مدعو کیا اور مہمان بولروں نے نیوزی لینڈ کو 88/3 تک محدود رکھا کیونکہ یہاں کے وکٹ بولروں کیلئے جنت تصور کی گئی تھی اور خود مکالم نے ٹاس کے متعلق اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ یقینی طور پر ٹاس جیت کر بولنگ کرنے کے خواہاں تھے ۔

نیز کین ولیمسن نے 54 اور نیشم نے 85 رنز کی اننگز کھیلی۔ مکالم کی اننگز نمایاں رہی جنہوں نے نیوزی لینڈ ٹسٹ کرکٹ کی تاریخ کی تیز سنچری بنانے کے علاوہ سیزن میں 1000 ٹسٹ رنز اسکور کرنے والے پہلے نیوزی لینڈ کے بیٹسمین بن گئے ۔ علاوہ ازیں انہوں نے ایک اوور میں 26 رنز کے ریکارڈ کی برابری بھی کرلی جب انہوں نے سری لنکا کے اہم بولر سرنگالکمل کو تین چھکے اور دو چوکے لگائے ۔ کئی ریکارڈوں سے سجی اننگز میں مکالم ٹسٹ کرکٹ کی ایک اننگز میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا ریکارڈ اپنے نام نہ کرسکے جیسا کہ عالمی ریکارڈ پاکستان کے سابق کپتان وسیم اکرم کے نام درج ہے جنہوں نے ایک اننگز میں 12 چھکے لگائے ہیں۔ مکالم جنہوں نے گذشتہ ماہ متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف کھیلی گئی سیریزمیں بھی تیز رفتار ڈبل سنچری بناچکے ہیں ۔