آکلینڈ ۔ 7 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کپتان برینڈن مکالم کی ڈبل سنچری اور مہمان ٹیم کے ٹاپ آرڈر کی پھر ایک مرتبہ ناکامی کے بعد یہاں رواں پہلے ٹسٹ کے دوسرے دن ہندوستانی مسائل دوگنا ہوچکے ہیں۔ مکالم نے 224 رنز کی انفرادی اننگز کھیلتے ہوئے ٹیم کی پہلی اننگز میں مجموعی اسکور کو 503 رنز تک پہنچانے میں کلیدی رول ادا کیا جبکہ دن کے کھیل کے اختتام پر ہندوستانی ٹیم 130/4 کی نازک صورتحال کا شکار ہوچکی ہے۔ ناقص روشنی کے باعث جب دن کے کھیل کو مقررہ وقت سے قبل روک دیا گیا تھا اس موقع پر روہت شرما 102 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے پر مشتمل اپنی اننگز میں ناقابل شکست 67 رنز اسکور کرلئے ہیں اور ان کے ہمراہ اجنکیا راہنے 56 گیندوں میں 2 چوکوں کے ساتھ 23 رنز کی اننگز کھیلی ہے اور روہت شرما کے ہمراہ انہوں نے 5 ویں وکٹ کیلئے 79 رنز کی ناقابل شکست پارٹنر شپ میں اپنا رول ادا کیا ہے۔
روہت اور راہنے جس وقت وکٹ پر یکجا ہوئے اس وقت ہندوستانی ٹیم 51/4 کی نازک صورتحال میں جدوجہد کررہی تھی۔ ہندوستان کو فالوآن سے بچنے کیلئے ہنوز 174 رنز بنانے ہیں۔ دریں اثناء ہندوستانی ٹیم کی پہلی اننگز کا آغاز تباہ کن انداز میں ہوا کیونکہ صرف 10 رنز کے مجموعی اسکور پر اوپنر شکھردھون، چیٹیشور پجارا اور ویراٹ کوہلی پویلین لوٹ چکے تھے جبکہ مرلی وجے نے کافی محنت کی تاہم وہ 60 گیندوں میں 5 چوکوں کی مدد سے صرف 26 رنز ہی اسکور کرپائے۔ ہندوستان کو پہلا نقصان دوسری ہی گیند پر اس وقت ہوا جب دھون کی تکنیکی ناکامی کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے انہیں گلی میں کین ولیمسن کے ہاتھوں کیچ آوٹ کروایا اور پہلے ہی اوور کی آخری گیند پر بولٹ نے وکٹوں کے پیچھے واٹلنگ کے ہاتھوں پجارا کو آوٹ کیا جنہوں نے 3 گیندوں میں ایک رن اسکور کیا۔ چھٹے اوور میں ویراٹ کوہلی 13 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 4 رنز بنانے کے بعد ٹم ساؤتھی کی گیند پر فلٹن کے ہاتھوں کیچ آوٹ ہوئے۔ مرلی وجے کو ویاگنر نے بولڈ کیا۔ قبل ازیں نیوزی لینڈ نے اپنے کل کے اسکور 329/4 سے آگے کھیلنا شروع کیا اور کل کے ناٹ آوٹ کپتان مکالم نے 143 رنز کی اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے نیوزی لینڈ کے لئے آخری آوٹ ہونے والے کھلاڑی بننے سے قبل انہوں نے 307 گیندوں میں 29 چوکوں اور 5 چھکوں کے ہمراہ 224 رنز بنائے۔ علاوہ ازیں جیمس اینڈرسن نے 13 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 77 رنز بنائے۔ لوور آرڈر میں ساؤتھی (28) اور ایش سودھی (23) کا بھی بہتر تعاون رہا۔ ہندوستان کیلئے ایشانت شرما نے 134 رنز کے عوض 6 کھلاڑیوں کو آوٹ کیا جبکہ ظہیرخان نے 132 رنز کے عوض 2 وکٹیں لی۔