مکالم کی ڈبل سنچری‘ پاکستان کو دگنی مشکلات

شارجہ۔29نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) نیوزی لینڈ کے کپتان برینڈن مکالم نے کریئر کی چوتھی ڈبل ٹسٹ سنچری اسکور کرلی ہے اور ٹیم نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر 637/8رنز اسکور کرتے ہوئے پاکستان کے خلاف 286رنز کی سبقت حاصل کرلی ہے ۔ مکالم نیوزی لینڈ کیلئے چوتھی ڈبل سنچری اسکور کرنے والے پہلے کھلاڑی‘ ٹسٹ کرکٹ میں چوتھی تیز ترین ڈبل سنچری اور ایک سال میں تین ڈبل سنچریاں اسکور کرنے والے چوتھے بیٹسمین بن چکے ہیں ان سے قبل ڈان براڈمین ‘ رکی پانٹنگ اور مائیکل کلارک یہ کارنامہ انجام دے چکے ہیں ۔ مکالم نے 188گیندوں میں 21چوکوں اور 11چھکوں کی مدد سے 202رنز اسکور کرنے کے علاوہ کل کے ناٹ آؤٹ بیٹسمین کین ولیمسن کے ہمراہ دوسری وکٹ کیلئے 297رنز کی پارٹنرشپ نبھائی ‘ تاہم اس پارٹنرشپ کیلئے دونوں کھلاڑیوں نے صرف 52.5اوورس کا سامنا کیا ۔

دریں اثناء ولیمسن کریئر کی پہلی ڈبل سنچری سے محروم رہے جیسا کہ وہ 244گیندوں میں 192رنز بناپائے اور اس اننگز میں انہوں نے 23چوکے اور ایک چھکا لگایا ۔ دیگر بیٹسمینوں میں راس ٹیلر (50) ‘ کوری اینڈرسن (50) اور ٹم ساؤتھی (50) نے نصف سنچریاں اسکور کی ہیں۔ بیٹنگ کیلئے انتہائی سازگار دکھائی دے رہی وکٹ پر نیوزی لینڈ کے فاسٹ بولر ساؤتھی نے بھرپور لطف اٹھاتے ہوئے 61گیندوں پر مشتمل اپنی اننگز میں تین چوکے اور دو چھکے لگائے ۔ نیوزی لینڈ کے بیٹسمینوں نے تیز رفتاری کے ساتھ جو رنز اسکور کئے اُس کا اندازہ اننگز میں مجموعی طور پر رنز بنانے کا اوسط 4.90فی اوور ہے ۔ پاکستان کیلئے فاسٹ بولر راحت علی نے 89رنز کے عوض 4 اور یاسر شاہ نے 169رنز کے عو 3کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا ۔