پٹلم ۔یکم نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)ضلعی محکمہ ملیریا کی جانب سے مچھروںکی بہتات سے ہونے والی بیماریوں اور ان سے بچنے کیلئے احتیاطی تدابیر پر منڈل سطح پر تحریری امتحان کا انعقاد عمل میں لایا گیا جس میں منڈل سطح پر طلبہ نے حصہ لیا۔ اس ضمن میں پٹلم منڈل کے اسکولوں میں بھی ’’مچھروں کی بہتات اور بیماریاں اور احتیاطی تدابیر ‘‘ کے عنوان سے تحریری مقابلہ محکمہ کے سب یونٹ آفیسر جناب محمد عبدالقدیر کی نگرانی میں منعقد کیاگیا جس میں پٹلم اردو میڈیم ہائی اسکول کی طالبات نے بہترین مظاہرہ کیا جس پر ان طلبہ کو محکمہ کی جانب سے اعزاز سے نوازا گیا ۔ انعام اول کے طور پر فرحانہ بیگم اور انعام دوم اسریٰ ناز‘ انعام سوم کاظمین بیگم اور حنا بیگم کو دیا گیا ۔ اس موقع پر صدر مدرس ہذا انتظامی کمیٹی جناب شیخ محبوب ‘ صدر جکل حلقہ اسمبلی مولانا آزاد ایجوکیشن سوسائٹی جناب محمد برہان الدین ‘ مدرسہ ہذا کے کمیٹی رکن جناب سید مدنی ‘ محکمہ ملیریا سب یونٹ آفیسر جناب محمد عبدالقدیر اور صدرمدرس پٹلم اردو ہائی اسکول محمد خورشید موجود تھے ۔ اس موقع پر جناب عبدالقدیر نے کہا کہ موجودہ حالات میں مچھروں کی وجہ سے کئی لوگ متاثر ہورہے ہیں ان سے آگاہی اور واقفیت اور طلبہ ان سے بچنے کیلئے کیا کرنا چاہیئے ‘ اس ضمن میں محکمہ کی جانب سے یہ امتحان منعقد کیا گیاتھا ۔ آئندہ بھی محکمہ کی جانب سے اس طرح کے موضوعات پر پروگرام کئے جائیں گے ‘ایسا محکمہ ملیریا کے سب یونٹ آفیسر نے کہا ۔