مچل اسٹارک ونڈے رینکنگ میں سرفہرست

دبئی ، 31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ورلڈکپ 2015 ء میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے والے آسٹریلیائی بولر مچل اسٹارک آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ اسٹارک نے حالیہ ورلڈ کپ میں 22 وکٹیں لے کر اپنی ٹیم کو پانچویں مرتبہ یہ ٹرافی دلوانے میں اہم کردار ادا کیا تھا۔ اسٹارک نے ایک روزہ کرکٹ میں بہترین بولروں کی فہرست میں پاکستان کے آف اسپنر سعید اجمل کی جگہ لی ہے جو متنازع بولنگ ایکشن کی وجہ سے تقریباً چھ ماہ سے عالمی کرکٹ سے دور ہیں۔ آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ 25 سالہ اسٹارک کی عالمی کپ میں شاندار کارکردگی نے انھیں سب سے اوپر پہنچا دیا۔ ورلڈ کپ کے آغاز کے موقع پر اسٹارک ون ڈے درجہ بندی میں ساتویں نمبر پر تھے لیکن ٹورنمنٹ کے دوران ان کی بہترین کارکردگی نے انھیں 147 پوائنٹس دلوائے اور اب ان کے پوائنٹس کی تعداد 783 تک جا پہنچی ہے۔ یہ اسٹارک کے کریئر میں پہلا موقع ہے کہ وہ آئی سی سی کی عالمی درجہ بندی میں سرفہرست ہیں۔ بولرز کی فہرست میں دوسرا درجہ جنوبی افریقہ کے آف اسپنر عمران طاہر نے حاصل کیا ہے جن کی درجہ بندی میں نو درجے کی بہتری آئی ہے اور وہ 11ویں بہترین بولر سے 734 پوائنٹس کے ساتھ دنیا کے دوسرے بہترین بولر بن گئے ہیں۔