جدہ ، 25 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) مکہ مکرمہ میں مسجد حرام میں توسیعی منصوبے کے نتیجے میں مسعی (سَعی کرنے کی جگہ) میں ایک گھنٹے میں ایک لاکھ اٹھارہ ہزار کے قریب حاجی سعی کرسکیں گے۔ مسجد حرام کی تمام منزلوں پر مسعی کا مجموعہ رقبہ 1.25 لاکھ مربع میٹر کے قریب ہوگا۔ سعودی حکومت مناسک حج کے دوران رش کو کم کرنے کے لیے اس گنجائش کو یقینی بنانے کوشاں ہے۔ سعودی عرب نے حرمین شریفین میں ترقیاتی منصوبوں کو ہمیشہ اپنی اولین ترجیحات میں رکھا ہے۔ اس کا مقصد معتمرین اور حجاج کی شکل میں آنے والے لاکھوں زائرین کے واسطے کشادہ جگہ کی فراہمی ہے۔ رش کے سیزن کے دوران گزرگاہوں اور پلوں کے ذریعے مجمع اور ہجوم کو منظم کرکے آمدورفت کو آسان بنانے کی کوششیں واضح طور پر نمایاں ہورہی ہیں۔