بیجنگ ۔ ۔30 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام )چین کے شہر بیجنگ میں عالمی چیمپیئن شپ میں برطانیہ کے ایتھلیٹ مو فراح نے 5000 میٹر دوڑ میں گولڈمیڈل جیت کر تاریخی ’ٹرپل ڈبل‘ کا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔ مو فراح جو کہ 2012 کے اولمپکس اور 2013 کے عالمی مقابلوں میں بھی پانچ ہزار میٹر اور دس ہزار میٹر دوڑ جیت چکے ہیں اور حالیہ عالمی مقابلوں میں وہ پہلے ہی دس ہزار میٹر کی دوڑ جیت چکے ہیں۔اس طرح انھوں نے تین مرتبہ پانچ ہزار اور دس ہزار میٹر دوڑ جیتنے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔ اس دوڑ میں مو فراح کا آغاز سست تھا اور آخری دو چکروں سے قبل کیلب این ڈیکو برتری حاصل کئے ہوئے تھے۔ تاہم مو فراح کینیا سے تعلق رکھنے والے 22 سالہ این ڈیکو سے آخری سو میٹر میں تیزی سے آگے نکل گئے۔ برطانوی ایتھلیٹ نے فاصلہ 13 منٹ اور 50.38 سکینڈ میں طے کر کے یہ دوڑ جیت لی۔ انھوں نے آخری چکر 52.6 سکینڈ میں طے کیا۔ یہ مو فراح کا مسلسل ساتواں عالمی خطاب ہے اور تیسری مرتبہ پانچ ہزار میٹر دوڑ میں جیت ہے جو کہ ایک ریکارڈ ہے۔ اس سے قبل چین کے شہر بیجنگ میں جاری عالمی ایتھلیٹکس مقابلوں میں برطانیہ کے مو فراح نے 10 ہزار میٹر دوڑ میں گولڈ میڈل جیت کر اپنے اعزاز کا کامیابی سے دفاع کیا۔ سات سال پہلے اسی میدان میں 2008 اولمپک مقابلوں میں فراح 5 ہزار میٹر دوڑ میں ناکام ہوگئے تھے۔