حیدرآباد ۔ 25 مارچ (سیاست نیوز) راجندر نگر پولیس نے گاڑیوں کو جلانے والے افراد کو گرفتار کرلیا جو ایک دوسرے سے دشمنی کے سبب یہ کام کرتے ہوئے سماج میں بے چینی پھیلا رہے تھے۔ سرکل انسپکٹر راجندر نگر مسٹر امیندر نے بتایا کہ 22 سالہ ویریش، 24 سالہ مراٹھی شیوا، 19 سالہ جسٹن کمار اور 20 سالہ رمیش کو گرفتار کرلیا گیا۔ یہ لوگ عطاپور علاقہ کے ساکن ہے۔ ویریش اور رمیش 2 سال سے ایک ہی کالونی میں رہتے تھے۔ ویریش کی بہن کا سیل فون سم حاصل کرنے کے بعد رمیش ویریش کی بہن کو ہراساں و پریشان کررہا تھا۔ اس بات پر ان دونوں میں جھگڑا بھی ہوا تھا۔ جھگڑے کے بعد منصوبہ تیار کرتے ہوئے ویریش نے شیوا کے ہمراہ رمیش کا آٹو جلا دیا اور اس حرکت کو دھنو نامی مقامی شخص نے دیکھ لیا، جس کے بعد دونوں نے دھنوکے آٹو کو آگ لگانے کے جرم کو بھی قبول کرلیا۔ پولیس نے گرفتار افراد کو عدالتی تحویل میں دے دیا۔