حیدرآباد ۔ 5 جنوری ۔ ( سیاست نیوز) میڈپلی علاقہ میں پیش آئے المناک سڑک حادثہ میں موٹر سیکل سوار کے ڈیوائیڈر سے ٹکرا جانے کے سبب باپ کے ساتھ موجود کمسن 8 سالہ لڑکی برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ دیگر 4 زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب سکندرآباد پارسی گٹہ سے تعلق رکھنے والے جی گری اپنی بیوی مہیشوری اور تین بچے لوکیش ، راجیش اور الکانندا کے ہمراہ نئی موٹر سیکل پر میڈپلی علاقہ سے گذر رہا تھا کہ سی پی آر آئی چوراہا کے قریب وہ اپنا توازن کھو بیٹھا اور ڈیوائیڈر سے جا ٹکرایا ۔ اس حادثہ میں لڑکی برسرموقع ہلاک ہوگئی جبکہ بیوی و دیگر بچے زخمی ہیں ۔ مقامی عوام نے 108 ایمبولینس کو طلب کرتے ہوئے زخمیوں کو دواخانہ منتقل کردیاجبکہ نعش کو گاندھی ہاسپٹل کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا ۔ پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔