پٹلم۔/28 مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) مستقر پٹلم سے محمد خالد اور عبدالرشید نامی دو نوجوان شام کے اوقات میں موٹر سیکل پر سوار ہوکر تڑکھیل کو ولیمہ تقریب میں شرکت کیلئے روانہ ہورہے تھے۔ پٹلم سے پانچ کیلو میٹر پر کارے گاؤں شیوار پر جنگلی جانوروں کی ٹولی سڑک عبور کررہی تھی اچانک موٹر سیکل سے ٹکراگئے۔ موٹر سیکل پر سوار دونوجوان حادثہ کا شکار ہوگئے۔ راہگیروں نے فوری طور پر ایمبولنس 108 کو فون کیا۔ شدید زخمی دو نوجوانوں کو ایمبولنس 108 کے ذریعہ ایریا ہاسپٹل بانسواڑہ منتقل کیا گیا۔ بانسواڑہ ڈاکٹروں نے دونوں نوجوانوں کو طبی امداد پہنچاکر نظام آباد لے جانے کا مشورہ دیا۔ دو نوجوانوں کو بانسواڑہ سے نظام آباد خانگی دواخانہ منتقل کیا گیا۔ ڈاکٹروں کی زیر نگرانی علاج جاری ہے۔ دو نوجوانوں میں محمد خالد کی حالت تشویشناک بتائی گئی۔ واضح رہے کہ زخمی خالد مقامی نائب سرپنچ محمد فہیم کے بڑے بھائی محمد سلیم لاری مالک کے فرزند ہیں۔ زخمیوں کے والدین و رشتہ داروں نے شدید زخمی نوجوانوں کی صحت یابی کیلئے دعاؤں کا اہتمام کرنے کی اپیل کی ہے۔
آئی جی شالینی مشرا کا دورہ سرسلہ
گمبھی راؤ پیٹ۔/28مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آئی جی شالینی مشرا نے آج ضلع سرسلہ کا دورہ کیا جہاں آر اینڈ بی گیسٹ ہاوز میں ضلع ایس پی بی کے راہول ہیڈگے نے گلدستہ پیش کرتے ہوئے ان کا استقبال کیا۔ جبکہ آئی جی شالینی مشرا کو پولیس کی جانب سے سلامی بھی دی گئی۔ بعد ازاں آئی جی شالینی مشرا نے پولیس ملازمین کی حفظان صحت کیلئے محکمہ کی جانب سے کئے جانے والے ٹھوس اقدامات کا جائزہ لیتے ہوئے آروگیہ شری اسکیم کے تحت پولیس ملازمین کیلئے سرسلہ میں علاج کی سہولت فراہم کرنے والے اراض چشم اور آرتھوپیڈک دواخانہ کا دورہ کرتے ہوئے مختلف حالات کا جائزہ لیتے ہوئے انتظامیہ سے تفصیلی بات چیت کی جبکہ شالینی مشرا کے ساتھ آروگیہ شری محکمہ پولیس سکریٹری گوپال ریڈی بھی موجود تھے۔