مومن پیٹ یکم / اپریل ( ذریعہ فیاکس ) المومن ٹرسٹ کے زیر اہتمام غریب و نادار لڑکیوں کی اجتماعی شادیاں 28 مارچ بعد مغرب ایچ بی گارڈن میں منعقد کی گئیں ۔ جس میں بحیثیت مہمان خصوصی جی پرساد کمار سابق وزیر الحاج محمد عبدالقادر صدر ملت اسلامیہ ویلفیر سوسائٹی ( سدی پیٹ ) سید مسکین احمد ، فہیم احمد ، فخرالدین وغیرہ نے شرکت کی جبکہ صدارت اشفاق صدر ٹرسٹ نے کی ۔ عظمت پاشاہ نے خیرمقدمی تقریر کی اور ٹرسٹ کی جانب سے منعقدہ دوسرے اجتماعی شادیوں کی تفصیلات پیش کیں ۔ اس موقع پر پرساد کمار سابق وزیر نے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ایک چھوٹے سے مقام پر وقت واحد میں 10 دن اجتماعی شادیاں انجام دینا قابل مبارکباد ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس کو ضلع رنگاریڈی میں وسعت دینا ضروری ہے ۔ انہوں نے اس موقع پر تمام جماعتوں اور مذاہب کے سرکردہ اشخاص کی موجودگی پر خوشنودی ظاہر کی اور کہا کہ ہندوستان میں تمام لوگ امن پسند اور سیکولر مزاج کی حامل ہیں اور فرقہ پرستوں کو ہماری سوسائٹی میں کوئی جگہ نہیں ہے ۔ محمد عبدالقادر نے مخاطب کرتے ہوئے اجتماعی شادیوں کیلئے درپیش مشکلات اور اپنے تجربہ کو بیان کرتے ہوئے کہا کہ سدی پیٹ میں بھی انہیں اس کا خاصہ تجربہ ہے جہاں ایک سو پچاس اجتماعی شادیاں انجام دی جاچکی ہیں اور کہا کہ سدی پیٹ ساری ریاست میں سرفہرست ہے ۔ انہوں نے اعلان کیا کہ وہ المومن ٹرسٹ کی ہمیشہ ہمت افزائی کریں گے اور مالی مدد بھی درکار ہوتو کریں گے ۔ سید مسکین احمد نے بھی مخاطب کیا اور ٹرسٹ کے ذمہ داروں کو مبارکباد دی اور اس موقع پر موجود کثیر اجتماع سے خواہش کی کہ ٹرسٹ سے تعاون کرتے رہیں اور اچھے کام کو اختلاف کا شکار نہ ہونے دیں ۔ اس موقع پر فخرالدین ، مخدوم احمد ، فہیم احمد سراج اور دیگر نے بھی مخاطب کیا ۔ روف احمد نے جلسہ کی کارروائی چلائی ۔ دس دلہا دلہن کے رشتہ دار اور مومن پیٹ کے ہندو مسلم کی کثیر تعداد نے شرکت کی اور رنگاریڈی کے اس چھوٹے مقام پر جشن کا ساماحول تھا ۔ ٹرسٹ کی جانب سے ضروریات زندگی کا سامان دیا گیا۔ عظمت پاشاہ کے شکریہ پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا ۔