مولی ایسی سبزی ہے جسے عموماً ہر شخص پسند کرتا ہے اور اسے بڑے شوق سے کھایا جاتا ہے ۔ یہ سرخ اور سفید دو قسم کی ہوتی ہیں اور دنیا میں ہر جگہ پائی جاتی ہیں۔ مولی خوراک ہضم کرنے میں تو مدد دیتی ہے مگر خود دیر میں ہضم ہوتی ہے ۔ مولی کے ساتھ اس کے پتے کا استعمال اسے ہضم کردیتا ہے ۔ اس لئے مولی کے ساتھ اس کا پتا ضرور کھانا چاہئے ۔ اس کے استعمال سے چہرے کی رنگت نکھر جاتی ہے ۔ مولی نہار منہ اور غذاء سے پہلے نہیں کھانی چاہئے ۔ اور رات کے وقت بھی استعمال نہیں کرنی چاہئے ۔ سلاد کے طور پر اسے دوپہر کو کچا کھانا مفید رہتا ہے ۔ مولی کو کاٹ کر اس پر نمک لگاکر کھائیں ۔ بے حد لذیذ معلوم ہوگی ۔ اس کا استعمال جگر کی خرابی میں بہت ہی مفید ہوتا ہے ۔ مولی کے پتوں کا عرق نکال کر اس میں شکر ملاکر کھانے سے یرقان کا مرض دور ہوجاتا ہے ۔ مسوڑھوں کے امراض سے شفا ہوگی ۔ اور دانت بھی مضبوط ہوں گے ۔ ایک ماشہ مولی کو نمک ، شہد میں لگاکر چٹانے سے دمہ بالکل ختم ہوجائے گا ۔ روز مولی کا استعمال کریں پرانی کھانسی کو شفا ہوگی ۔ مولی کو سرد مزاج لوگ کم سے کم استعمال کریں ۔ اس میں فاسفورس ، کیشلیم ، وٹامن سی اور فولادزیادہ مقدار میں ہوتا ہے ۔