مولانا عبد العزیز مرحوم کی خدمات ناقابل فراموش

جگتیال میں جلسہ تعزیت سے شیخ اسحاق علی و دیگر کا خطاب
جگتیال /29 مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جماعت اسلامی ہند جگتیال کی جانب سے دفتر جماعت اسلامی جگتیال پر مولانا عبد العزیز مرحوم کا جلسہ تعزیت منعقد ہوا، جس کی نگرانی جناب عبد العزیز سکریٹری شعبہ اسلامی معاشرہ جماعت اسلامی ہند آندھرا پردیش نے کی۔ جلسہ کا آغاز جناب محمد عماد الدین عمیر معاون امیر مقامی جگتیال کی قراء ت سے ہوا۔ جناب شیخ اسحاق علی معاون ناظم ضلع جماعت اسلامی ہند کریم نگر نے افتتاحی کلمات ادا کرتے ہوئے کہا کہ مولانا عبد العزیز صاحب کا شمار جماعت اسلامی ہند کے ان قائدین میں ہوتا ہے، جنھوں نے جماعت اسلامی کی تاسیس سے لے کر اب تک تحریک کی آبیاری کی اور تحریک کے لئے بڑی بڑی قربانیاں دیں۔ وہ ایک ہمہ جہت اور ہمہ پہلو شخصیت کے مالک تھے۔ اللہ تعالی نے آپ کو خطابت پر قدرت عطا کی تھی اور آپ کا انداز بیان بڑا دلکش تھا۔ آپ ہر ایک سے خلوص و محبت سے پیش آتے تھے۔ آپ 13 سال تک جماعت اسلامی ہند کے نائب امیر کی حیثیت سے خدمات انجام دیتے رہے۔ تحریک اسلامی ہند کے لئے آپ کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جناب محمد شعیب الحق طالب امیر مقامی جماعت اسلامی ہند جگتیال نے کہا کہ مولانا عبد العزیز صاحب کا سانحہ ارتحال نہ صرف جماعت اسلامی ہند، بلکہ پوری ملت اسلامیہ کا ایک عظیم نقصان ہے، کیونکہ مولانا نے ملت کے اتحاد کے لئے بہت کوششیں کیں۔ انھوں نے جماعت اسلامی کے مقصد اور اس کے نظریہ کو عوام میں پھیلانے کے لئے اپنی پوری زندگی وقف کردی تھی، یہاں تک کہ اپنی ملازمت کو بھی قربان کردیا۔ وہ دلنواز شخصیت کے مالک اور عوام میں بے حد معروف تھے۔ جناب محمد مقصود علی متین قاضی شہر و سابق صدر ملت اسلامیہ جگتیال اور جناب محمد مسیح الدین افسر نے مخاطب کرتے ہوئے مولانا عبد العزیز مرحوم کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔ اس موقع پر جناب محمد منیر الدین سابق امیر مقامی جگتیال، جناب عبد الرشید امیر جمعیت اہل حدیث جگتیال اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔