مولانا عبدالقوی کی گرفتاری سیاسی مفادات پر مبنی

نظام آباد:26؍ مارچ(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)شہر نظام آباد کے کل جماعتی مذہبی قائدین و علماء کرام نے مولانا عبدالقوی ناظم مدرسہ اشرف العلوم حیدرآباد کی غیر قانونی گرفتاری کی شدید مذمت کرتے ہوئے پرُ زور مطالبہ کیا کہ مولانا کی فوری رہائی کو یقینی بنایا جائے اور جو بے بنیاد جھوٹ پر مبنی الزامات پولیس کی جانب سے لگائے گئے ہیں وہ واپس لئے جائیں ۔ اس واقعہ سے شہر نظام آباد اور پوری ملت اسلامیہ کے دلوں میں غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی ہے جمعیۃ العلماء نظام آباد ارشد و محمود مدنی گروپ مولانا سید ولی اللہ قاسمی ، مولانا خضر احمد خان ، حافظ عبدالرشید تجمل ، مولانا کریم الدین کمال ، محترم عبداللطیف ، مولانا عبدالعظیم ، حافظ لئیق احمد خان ، مولانا عابد قاسمی و دیگر مذہبی جماعتوں کے ذمہ داران نے مطالبہ کیا ہے کہ مولانا عبدالقوی کی گرفتاری غیر قانونی ہے جس کی ہم سب مسلمان مذمت کرتے ہیں ۔ ریاست آندھرا پردیش کے نامور ممتاز عالم دین مولانا محمد عبدالقوی کو بلاتا خیر رہا کیا جائے ۔ مولانا عبدالقوی کے خلاف پولیس کی طرف سے دائرشدہ جھوٹے بے بنیاد الزامات کو فوراً واپس لیا جائے ۔ یہ اجتماع تمام مسلمانوں اور انصاف پسندوں سے اپیل کرتا ہے کہ وہ اس واقعہ کے خلاف پر ُامن طورپر احتجاج کرکے اپنے جذبات حکومت تک پہنچائیں ۔ سارے عالم کے مسلمانوں سے یہ اجتماع گذارش کرتا ہے کہ اپنی خصوصی دعائوں میں مولانا محترم کی عاجلانہ رہائی کیلئے ضرور حصہ رکھیں ۔ ہم تمام مسلمانوں کا تاثر ہے کہ حضرت مولانا عبدالقوی کی گرفتاری سیاسی مفادات کے حصول کی غرض سے کی گئی ہے۔