مولانا عبدالقوی کی رہائی کا مطالبہ

کھمم۔/29مارچ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کھمم مستقر میں ضلع کے تمام علماء کرام نے اچانک مولانا عبدالقوی کی گرفتاری کی سخت مذمت کرتے ہوئے میڈیا سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مولانا کی گرفتاری سیاسی مقصد کے تحت کی گئی ہے اور یہ ایک سازش ہے جو حقوق انسانی کے سراسر خلاف ہے۔ جس کے ذریعہ مدارس اور دینی تنظیموں کو بدنام کیا جارہا ہے۔ اور ہم اس اچانک گرفتاری کے خلاف پرامن طریقہ سے احتجاج اور غم اور غصہ کا اظہار کریں گے۔ اس موقع پر تمام ضلع کھمم کے علماء کرام نے خاص طور پر ضلع کھمم اور عام طور پر ہندوستان بھر کے مسلمانوں سے اپیل کی ہے کہ مسلمان دشمن سے ہوشیار رہیں اور صبر و تحمل سے کام لیں اور اپنے اندر ہمت اور حوصلہ پیدا کریں۔ ضلع کھمم کے تمام علماء کرام نے پرزور انداز میں حکومت گجرات سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مولانا پر جو غیر غلط جھوٹے الزامات عائد کئے گئے ہیں ان تمام الزامات سے مولانا کو جلد از جلد باعزت رہا کیا جائے۔ مولانا کی رہائی کے لئے دعائیہ اجتماعات منعقد کئے جارہے ہیں جس میں علماء کرام اور عوام کی کثیر تعداد شرکت کررہی ہے جس میں ضلع کھمم کے علماء کرام نے خطابات اور ضلع کھمم کے مدارس دینیہ میں دعاؤں کا اہتمام کیا گیا اور کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر مولانا محمد سعید احمد قاسمی، مفتی جلال الدین، مفتی عبدالرؤف خان، مولانا سید صابر احمد اشاعتی، مولانا عبدالستار، مولانا عنایت اللہ خان، مولانا حمایت اللہ، مولانا عبدالغنی، مفتی علاء الدین کے علاوہ شہر و ضلع کھمم کے ممتاز علماء و حفاظ کرام اور عوام کی تعداد شریک تھی۔