مکتھل۔یکم فروری، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ریاست آندھرا پردیش کے معروف عالم دین اور ممتاز صاحب نسبت بزرگ حضرت مولانا الحاج شاہ حافظ محمد جمال الرحمن مفتاحی خطیب جامع مسجد ملے پلی و صدر تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ آندھرا پردیش کی والدہ محترمہ کے انتقال پر مستقر مکتھل کے دینی علمی و دعوتی حلقوں نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اپنے ایک تعزیتی بیان میں کہا کہ بیسویں صدی کی عظیم شخصیت حضرت الحاج شاہ صوفی غلام محمد علیہ الرحمہ کی بے لوث علمی، تعلیمی، تبلیغی اصلاحی و دعوتی خدمات جو پوری ریاست ہی نہیں بلکہ پورے جنوبی ہند میں پھیلی ہوئی ہیں ان سب میں مرحومہ بحیثیت شریک حیات بڑی معاون و مددگار رہیں۔ اس کے علاوہ خودوہ بھی بڑی نیک، صالح تھیں۔ مستقر مکتھل کے قائدین ڈاکٹر ا لحاج شیخ چاند،
الحاج غلام عباس علی، مولانا عبدالعلیم کوثر قاسمی، مولانا عبدالقوی حسامی، مولانا غلام محمد رشیدی، الحاج عبدالکریم و دیگر نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا کہ مرحومہ کے صاحبزادگان حضرت مولانا شاہ محمد کمال الرحمن قاسمی جانشین سلسلہ قادریہ، مولانا شاہ حافظ جمال الرحمن مفتاحی صدر تحفظ ختم نبوت ٹرسٹ آندھرا پردیش، ممتاز فقیہہ ملت حضرت مولانا شاہ مفتی نوال الرحمن مفتاحی صدر شرعیہ بورڈ امریکہ، حضرت مولانا شاہ محمد ظلال الرحمن فلاحی وغیرہ ہیں جن سے پوری ریاست ہی نہیں بلکہ پورا ملک اور ملت اسلامیہ استفادہ کررہی ہے، ان قائدین نے مرحومہ کیلئے مغفرت اور جنت الفردوس میں اعلیٰ علین مقامات سے سرفرازی کیلئے بارگاہ رب العزت میں دعاء کی۔ اس کے علاوہ مستقر کے مدارس اور مساجد میں بھی نماز جمعہ کے موقع پر مرحومہ کیلئے دعائیں کی گئیں۔