چیوڑلہ۔ 24 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) چیوڑلہ کی درگاہ حضرت مولاعلی کی موقوفہ اراضی سے متعلق مقامی مسلمانوں کی جانب سے ایک ریالی کا اہتمام کرتے ہوئے اس کی غیرمجاز رجسٹری منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا گیا تھا تاہم اس اراضی سے متعلق اشخاص محمد رئیس ولد محمد بشیر، محمد ریاض ولد محمد بشیر، محمد نظیر ولد محمد جہانگیر نے ایک پریس نوٹ میں اس بات کا ادعا کیا کہ موقوفہ اراضی پر غیرمجاز رجسٹری میں وہ ملوث نہیں ہیں۔ انہوں نے اخبارات میں جاری کردہ پریس نوٹ میں اس بات کا اظہار بھی کیا کہ مقامی آر ڈی او و ایم آر او آفس میں عہدیداروں سے ملاقات کرکے انہیں اپنے پاس موجود دستاویزات کا مشاہدہ کروایا۔ انہوں نے کہا کہ متذکرہ اراضی انعام کے طور پر موصول نہیں ہوئی، بلکہ اس کے پٹہ جات جو سابقہ حکومت سے انہیں دستیاب ہوئے تھے ، اس کی نقولات بھی متعلقہ حکام کے حوالے کئے۔