مدرسین کی کمی اور غیر حاضری کے سبب تعلیم شدید متاثر
مدور منڈل /16 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) اسکول میں مدرسین کی کمی کی وجہ سے مدور منڈل کے قریب موضع چنتل ڈینی گاؤں میں اسکول کے طلبہ اور اولیائے طلبہ نے دھرنا منظم کیا۔ چنتل ڈینی اسکول میں صرف دو اساتذہ ہیں، جب کہ دو مدرسین میڈیکل رخصت پر ہیں۔ اسکول میں آٹھویں جماعت تک طلبہ کی تعداد 281 ہے۔ منڈل کے ایم ای او انجنیلو سے اس سلسلے میں شکایت کی گئی، لیکن انھوں نے نظرانداز کردیا۔ ٹیچر کی کمی اور رخصت پر ہونے کی وجہ سے طلبہ کی تعلیم متاثر ہو رہی ہے۔ اولیائے طلبہ کا کہنا ہے کہ اگر اسکول میں مدرسین کی کمی نہیں پوری کی جا رہی ہے تو طلبہ کو ٹی سی دے کر دوسرے اسکول میں منتقل کردیا جائے۔ ان کا کہنا ہے کہ مدرسین نہ ہونے کی وجہ سے طلبہ اسکول سے باہر سڑکوں پر پھر رہے ہیں۔ انھوں نے انتباہ دیا کہ اگر اسکول پر توجہ نہیں مرکوز کی گئی تو وہ اور ان کے بچے ایم ای او آفس پر دھرنا منظم کریں گے۔ اس موقع پر مسرز ہنمنت ریڈی، سوبھان ریڈی، سرپنچ رام چندرایا کے علاوہ طلبہ اور اولیائے طلبہ کی کثیر تعداد موجود تھی۔