حیدرآباد۔/31ڈسمبر، ( سیاست نیوز) موسی ندی پر غیر مجاز قبضہ کی کوشش کرنے والے بعض مبینہ لینڈ گرابرس کے خلاف ملک پیٹ واحد نگر کے ساکن افراد نے چیف منسٹر اور دیگر حکام کو شکایت کی ہے۔ بتایا جاتاہے کہ موسی ندی کے کنارے ایک لینڈ گرابر نے سرکاری اراضی پر غیر مجاز تعمیر کی ہے اور اس نے سرکاری سائن بورڈ نکال کر وہاں قبضہ کی ناکام کوشش کی۔ ریٹائرڈ سرکاری ملازم سید فاروق علی نے چیف منسٹر تلنگانہ، کمشنر پولیس حیدرآباد، کمشنر جی ایچ ایم سی اور دیگر اعلیٰ عہدیداروں کو اس سلسلہ میں نمائندگی کی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بعض عہدیدارعمدا خاموشی اختیار کئے ہوئے ہیں اور اس سلسلہ میں کوئی کارروائی کرنے سے قاصر دکھائی دے رہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ متعلقہ سرکاری عہدیدار موسی ندی کے کنارے غیر مجاز تعمیرات کی روک تھام کیلئے شخصی معائنہ کریں اور موثر اقدامات کریں۔