سرپور ٹاؤن ۔ 30 ۔ اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سرپور ٹاؤن منڈل پریشد جنرل باڈی کا اجلاس 29 اپریل کے روز ایم پی ڈی او میٹنگ ہال میں دوپہر 2 بجے کے بعد انعقاد عمل میں آیا ۔ اجلاس کی کارروائی ایم پی ڈی او کوٹم راؤ نے چلائی اور منڈل پریشد صدر محترمہ ریکھا ستیہ نارائن نے صدارت کی ۔ اجلاس میں شرکت کرنے والوں میں تحصیلدار رامیش بابو ، منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر ( اے او ) اگریکلچر آفیسر پرساد ، سی ڈی پی اور محترمہ ونوجہ وٹرنری ڈاکٹر کماری ، تروپتھا ، اے ای آر ڈبلیو ایس روی کمار ، اے ای برقی ، رمیش ، نائب صدر منڈل پریشد محمد سہیل احمد ، ایم پی ٹی سی ستیہ ، رویندر ، این سوائی شنکرا اور میجر گرام پنچایت سرپنچ سید حسین ، ایس آر جو ، کے علاوہ زیڈ پی ٹی سی رام نائیک اور تمام گرام پنچایتوں کے سکریٹریز اور متعلقہ عہدیداروں نے اجلاس میں شرکت کی ۔ اس اجلاس کی کارروائی ایم پی ڈی او کوٹم راؤ نے آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی تلنگانہ حکومت کی جانب سے دیئے جانے والے عوامی اسکیمات کے بارے میں تفصیلی طور پر جنرل باڈی اجلاس میں روشنی ڈالنے کی ہدایت دی ۔ اس موقع پر اگریکلچر آفیسر پرساد اور منڈل ایجوکیشن آفیسر پربھاکر نے سرکاری اسکیمات کے بارے میں تفصیلی طور پر بیان کیا ۔ اس موقع پر منڈل پریشد صدر ریکھا ستیہ نارائن نے موسم گرما میں ہر حالت میں عوام کو پینے کے پانی کی سہولت فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی اور تمام دیہی علاقوں میں بورویلوں ، سرکاری نلوں کے ذریعہ خصوصی پینے کے پانی کیلئے موثر انتظامات کرنے کا مشورہ دیا تاکہ موسم گرما میں عوام کو کسی قسم کی کوئی بھی دشواریاں پیش نہ آئے ۔