مورتی کو نادر قرار دے کر فروخت کی کوشش‘7 افراد گرفتار

حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) نادر مورتیاں ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے اُنھیں فروخت کرنے کی کوشش کرنے والی 7 رکنی ٹولی بشمول ایک نجومی کو پولیس ماریڈپلی نے گرفتار کرلیا۔ بتایا جاتا ہے کہ 58 سالہ آر سومیشور راؤ متوطن گنڈی میسماں ضلع میڑچل گزشتہ 20 سال سے نجومی ہے اور اس کے پاس ایک مورتی تھی اور اسے نادر ہونے کا دعویٰ کرکے اُس نے ایم روی کشور اور رمن گوڑ کو اِس سلسلہ میں بتایا اور مورتی کو فروخت کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ سومیشور راؤ نے نادر مورتی فروخت کرنے پر معقول کمیشن دینے کا وعدہ کیا تھا جس کے نتیجہ میں ضلع نظام آباد سے تعلق رکھنے والا رئیل اسٹیل تاجر انوما گنگادھر پی سدیشور، ایم لکشمن اور پی وینکٹیشور بھی اِس ٹولی میں شامل ہوگئے اور خواہشمند گاہکوں کی تلاش میں تھے کہ پولیس ماریڈپلی نے اُنھیں گرفتار کرلیا اور اُن کے قبضہ سے 3 مورتیاں، ایک کار اور ایک موٹر سیکل برآمد کرتے ہوئے اُن کے خلاف دھوکہ دہی کا ایک مقدمہ درج کرلیا۔ پولیس نے ملزمین کو عدالت میں پیش کرکے اُنھیں جیل بھیج دیا۔