احمد آباد 19 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) چائے فروش کی حیثیت سے اپنے ماضی سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کے طور پر نریندر مودی ملک کے 300 شہروں میں جملہ 1,000 ٹی اسٹالس پر عوام سے ملاقات کرینگے ۔ اس پروگرام پر آئندہ ماہ سے عمل آوری کی جائیگی ۔ بی جے پی کی انتخابی مہم کمیٹی کے ایک رکن نے بتایا کہ نریندر مودی ملک کے 300 شہروں میں یکم فبروری سے 1,000 ٹی اسٹالس پر عوام سے ملاقات کرینگے ۔ یہ ملاقات انٹرنیٹ اور ڈی ٹی ایچ کے ذریعہ ہوگی ۔ وہ چائے فروشوں کے بنیادی مسائل پر تبادلہ خیال کرینگے ۔ انہوں نے بتایا کہ مودی پانچ نکڑ میٹنگوں سے بھی خطاب کرینگے جنہیں ’’ چائے پہ چرچا ۔ نامو کے ساتھ ۔
چائے فروش کے ساتھ ایک دن ‘‘ کا نام دیا گیا ہے ۔ مودی نے ٹی اسٹالس پر عوام سے ملاقات کا یہ پروگرام کانگریس کے سینئر لیڈر منی شنکر ائر کی جانب سے ان کے چائے فروش ماضی پر تبصرے کے پس منظر میں طئے کیا گیا ہے ۔ منی شنکر ائر نے کانگریس کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ واضح کرسکتے ہیں کہ 21 ویں صدی میں نریندر مودی اس ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے تاہم اگر وہ یہاں چائے فروخت کرنا چاہیں تو ان کیلئے جگہ فراہم کی جاسکتی ہے ۔ سماجوادی پارٹی کے لیڈر نریش اگروال نے بھی اس سے قبل نریندر مودی کے تعلق سے اسی طرح کے ریمارکس کئے تھے اور کہا تھا کہ ایک شخص جس نے چائے فروخت کی ہے وہ قومی اہمیت حاصل نہیں کرسکتا ۔ جنتادل یو نے اپنے تبصرہ میں کہا ہے کہ مودی زہریلے چائے فروش ہیں اور وہ ملک کے وزیر اعظم نہیں بن سکتے ۔ انہوں نے گجرات کے زریعہ زہریلی چائے فروخت کی ہے ۔